پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نصیر کوٹی کی غزلیں — Naseer Koti Ghazals

نصیر کوٹی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بھٹک رہے ہیں بھٹکتے رہیں گے فرزانے (غزل)

بھٹک رہے ہیں بھٹکتے رہیں گے فرزانے

قریب آ گئے منزل کے تیرے دیوانے

بہت قریب تھے جلوے انہیں نہ پہچانے

کہاں گیا تھا شعور نظر خدا جانے

زباں پہ حرف تمنا نہ آئے کیا پروا

سمٹ کے آ گئے نظروں میں دل کے ویرانے

حضور حسن جو آئے ہیں بہر عرض مراد

انہیں سناؤ مری خامشی کے افسانے

گزر گئی مری روداد غم میں رات تمام

پھر اس کے بعد نہ شمعیں جلیں نہ پروانے

تلاش کوچۂ جاناں ارے معاذ اللہ

خود اپنی گرد میں کھوئے ہوئے ہیں دیوانے

نصیرؔ ان کی سمجھ میں بھی کچھ نہیں آیا

جو آ رہے ہیں مجھے راز عشق سمجھانے

کلی کلی کو دیا باغباں لہو ہم نے (غزل)

کلی کلی کو دیا باغباں لہو ہم نے

کیا ہے تجھ کو گلستاں میں سرخ رو ہم نے

خدا کے واسطے اس بے وفا کا نام نہ لو

کیا ہے چاک گریباں ابھی رفو ہم نے

خزاں کے داغ مٹے کب گلوں کے دامن سے

تجھے بھی دیکھ لیا موسم نمو ہم نے

خموش رہ کے ترے تند و تلخ لہجے پر

بدل دیا ترا انداز گفتگو ہم نے

چمن کا رنگ نکھرتا ہے جس کے پرتو سے

بکھیر دی وہ تجلی بھی چار سو ہم نے

سمجھ نہ پائے وہ اب تک قبول و رد کیسا

عجیب رنگ میں کی شرح آرزو ہم نے

نصیرؔ خام ہے اب بھی خیال توبہ کا

فضول توڑ دئے ساغر و سبو ہم نے

مزید غزلیں از نصیر کوٹی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں