پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نسیم عباسی کی غزلیں — Naseem Abbasi Ghazals

نسیم عباسی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جہاں جہاں بھی ہوس کا یہ جانور جائے (غزل)

جہاں جہاں بھی ہوس کا یہ جانور جائے

دلوں سے مہر و محبت کی فصل چر جائے

کھلے ہیں اونچی حویلی کے پالتو کتے

فقیر راہ ذرا دیکھ بھال کر جائے

وہیں سے ہوں میں جہاں سے دکھائی دیتا ہوں

وہیں تلک ہوں جہاں تک مری نظر جائے

ہے کوئی دیر سے اس پار منتظر میرا

رکا ہوا ہوں کہ ندی ذرا اتر جائے

وہ باد تند ہے ہر پیڑ کی یہ کوشش ہے

ہوا کے ساتھ کوئی دوسرا شجر جائے

حدود ذات سے آگے خداؤں کی حد ہے

میں سوچتا ہوں اگر ذہن کام کر جائے

بھری پڑی ہے عفونت سے انچ انچ زمیں

اس ایک پھول کی خوشبو کدھر کدھر جائے

ابھی تلک ترے رستے میں پل صراط پہ ہے

گزرنے والا ضروری نہیں گزر جائے

نسیمؔ گاؤں کی مسجد میں رات کاٹے گا

اک اجنبی سا مسافر ہے کس کے گھر جائے

اتنا نہ گھوم رات کو پھولوں کی باس میں (غزل)

اتنا نہ گھوم رات کو پھولوں کی باس میں

سوئے پڑے ہیں چاروں طرف سانپ گھاس میں

ہر سمت اس نے آتشی شیشے لگا دیے

سڑکوں پہ لوگ آئے تھے کالے لباس میں

گردش میں زندگی رہی افواہ کی طرح

عمریں گزار دی گئیں خوف و ہراس میں

اگلا نصاب نور بصیرت سے پڑھ لیا

آنکھیں تو چھوڑ آئے تھے پہلی کلاس میں

یہ اور بات زیر زمیں دفن ہو گئیں

ورنہ جڑوں کا خون ہے پھل کی مٹھاس میں

اب بار بار اس کی طرف دیکھتے ہو کیا

اب صرف میری تشنہ لبی ہے گلاس میں

منظر کسی طلسم کی زد میں نہ ہو نسیمؔ

سرسوں کا رنگ دوڑ رہا ہے کپاس میں

مزید غزلیں از نسیم عباسی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں