پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Najma Jafari کی غزلیں — Najma Jafari Ghazals

Najma Jafari کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

قانون تو قدرت کا ہے وہی انسان بدلتے رہتے ہیں (غزل)

قانون تو قدرت کا ہے وہی انسان بدلتے رہتے ہیں

یہ حرص و ہوس کے دیوانے ہر آن بدلتے رہتے ہیں

پہلے تو خدا کے بندے تھے اب پیسے کے سب یہ بندے ہیں

موسم کی طرح سے دنیا میں ایمان بدلتے رہتے ہیں

آنکھیں بدلیں پھر دل بدلے تہذیب و تمدن بھی بدلے

انجام کہاں ہوگا اس کے امکان بدلتے رہتے ہیں

وعدہ تھا وفا کرنے کا کبھی اب جور و جفا کی کھائی قسم

اس پر بھی کبھی پچھتاؤ گے پیمان بدلتے رہتے ہیں

پہلے تو تمہیں کو چاہا تھا اب موت کو بھی یہ چاہنے لگا

دستور نرالے ہیں دل کے ارمان بدلتے رہتے ہیں

کل ناز و ادا کے تیر چلے ہے آج تغافل کی برچھی

اس کو بھی کرم سمجھو نجمہؔ احسان بدلتے رہتے ہیں

صبح ہے پردہ ترے چہرے سے ہٹ جانے کا نام (غزل)

صبح ہے پردہ ترے چہرے سے ہٹ جانے کا نام

شام ہے گیسو ترے رخ پر بکھر جانے کا نام

جس نے دیکھا اک نظر سرشار و بے خود ہو گیا

چشم میگوں رکھ دیا لبریز پیمانے کا نام

تیرے آنے سے بہار آئی ہے بزم دہر میں

اور قیامت ہے ترے آ کر چلے جانے کا نام

زندگی ہے اصل میں ملنے کی پیہم کشمکش

موت ہے اس مرکز اصلی میں مل جانے کا نام

آدمی اس جسم کے مٹنے سے مٹ سکتا نہیں

موت آنا ہے فقط محفل بدل جانے کا نام

مطمئن انسان اس دنیا میں ہو سکتا نہیں

مطمئن ہونا ہے کچھ دن کو بہل جانے کا نام

ایک تبسم کے عوض رونا پڑا پہروں مجھے

اب تو لیتی ہی نہیں لب پر ہنسی آنے کا نام

ایک جام بے خودی نجمہؔ کو ساقی بخش دے

تا ابد روشن رہے گا تیرے میخانے کا نام

نہ کردار اصلی نہ گفتار اصلی (نظم)

نہ کردار اصلی نہ گفتار اصلی

ہو کس طرح دنیا میں بیوپار اصلی

الیکشن میں جیتے ہیں رشوت کے بل پہ

وہ کیسے بنائیں گے سرکار اصلی

بلیک مارکیٹ ہر جگہ کھل رہے ہیں

نہ ہے جنس اصلی نہ بازار اصلی

عنان حکومت ہے قبضے میں جن کے

حقیقت میں ہیں وہ ہی بیکار اصلی

ملاوٹ کا ہے دودھ اور گھاس کا گھی

نہ غلے کے ملتے ہیں انبار اصلی

بنائے ہوئے ہیں مشینوں کے انسان

معالج ہیں اصلی نہ بیمار اصلی

ہیں اکثر عوارض کی خالق دوائیں

نہ رکھے ترقی نے آزار اصلی

نہ ہمدرد اصلی نہ غم خوار کوئی

جہاں دیکھو ملتے ہیں مکار اصلی

بنائی ہے معشوق نے نقلی صورت

تو ہو کس طرح عاشق زار اصلی

یہ مژگان و ابرو بنائے ہوئے ہیں

نہ ہیں زلفیں اصلی نہ رخسار اصلی

ہے بیکار اب اصلیت کی تمنا

نہیں ہیں پرکھنے کے معیار اصلی

زمیں تو زمیں آسماں پہ بھی اب تو

ثوابت ہیں اصلی نہ سیار اصلی

مزید غزلیں از Najma Jafari ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں