پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Najm Aafandi کی غزلیں — Najm Aafandi Ghazals

Najm Aafandi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہستی کوئی ایسی بھی ہے انساں کے سوا اور (غزل)

ہستی کوئی ایسی بھی ہے انساں کے سوا اور

مذہب کا خدا اور ہے مطلب کا خدا اور

پھر ٹھہر گیا قافلۂ درد سنا ہے

شاید کوئی رستے میں مری طرح گرا اور

اک جرعۂ آخر کی کمی رہ گئی آخر

جتنی وہ پلاتے گئے آنکھوں نے کہا اور

منبر سے بہت فصل ہے میدان عمل کا

تقریر کے مرد اور ہیں مردان وغا اور

اللہ گلہ کر کے میں پچتایا ہوں کیا کیا

جب ختم ہوئی بات کہیں اس نے کہا اور

کیا زیر لب دوست ہے اظہار جسارت

حق ہو کہ وہ ناحق ہو ذرا لے تو بڑھا اور

دولت کا تو پہلے ہی گنہ گار تھا منعم

دولت کی محبت نے گنہ گار کیا اور

یہ وہم سا ہوتا ہے مجھے دیکھ کے ان کو

سیرت کا خدا اور ہے صورت کا خدا اور

لے لوں گا جان دے کے محبت جہاں ملے (غزل)

لے لوں گا جان دے کے محبت جہاں ملے

کچھ دن میں شاید اور یہ سودا گراں ملے

اے کاروان عشق و وفا کے مسافرو

کہنا مرا سلام بھی منزل جہاں ملے

ہموار کر مزاج بہار و خزاں سے دل

ممکن نہیں مزاج بہار و خزاں ملے

یہ منزلت بھی حصہ دشمن میں آئے کیوں

ہم سر نہ پھوڑ لیں جو ترا آستاں ملے

پہلے ہی سے دلوں کے نہ ملنے کا ڈھنگ تھا

جس موڑ پر ملے ہیں وہ دامن کشاں ملے

میں نے کیا ہے ایک ہی عنوان سے خطاب

کس کس کے روپ میں نہ مرے مہرباں ملے

کیوں جائے نجمؔ ایسی فضا چھوڑ کر کہیں

رہنے کو جس کے گلشن ہندوستاں ملے

چھوٹا سا ایک بیج اگر ہے تو کیا ہوا (نظم)

چھوٹا سا ایک بیج اگر ہے تو کیا ہوا

کتنا بڑا درخت ہے اس میں چھپا ہوا

دھرتی میں ڈال دیتا ہے جب وقت پر کسان

پھر دیکھنے کی ہوتی ہے اس بیج کی اٹھان

سنسار جی رہا ہے اسی کام کاج سے

کتنوں کے پیٹ بھرتے ہیں اس کے اناج سے

چھوٹے سے تل میں آنکھ کے اتنی بڑائی ہے

دریا ہوں یا پہاڑ ہوں سب کی سمائی ہے

پھولوں کا اور چاند ستاروں کا رنگ روپ

دو آنکھیں دیکھتی ہیں ہزاروں کا رنگ روپ

پھیلا ہے سارے گھر میں اجالا چراغ ایک

گن کتنے ہیں دماغ میں اور ہے دماغ ایک

مل جل کے ایک پانی کا دریا بہاتی ہیں

بوندیں ہیں چھوٹی چھوٹی جو ساگر بناتی ہیں

یہ میز پر تمہاری جو چھوٹی سی ہے کتاب

چھوٹی سی اس کتاب میں لاکھوں کا ہے حساب

چھوٹا سا دل ہے اس میں امنگیں بڑی بڑی

دل اور بڑھ گیا کوئی مشکل جو آ پڑی

چھوٹی سی عمر میں جو ارادے رہے کڑے

دنیا میں تم بھی کام کرو گے بڑے بڑے

مزید غزلیں از Najm Aafandi ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں