Naji Shakir کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مہ رخاں کی جو مہربانی ہے (غزل)
مہ رخاں کی جو مہربانی ہے
یہ مدد مجھ پہ آسمانی ہے
رشک سیں اس کے صاف چہرہ کے
چشم پر آئنہ کی پانی ہے
دام میں بو الہوس کے آیا نئیں
کیوں کہ یہ باز آشیانی ہے
چرب ہے شمع پر جمال اس کا
شمع کی روشنی زبانی ہے
اس کے رخسار دیکھ جیتا ہوں
عارضی میری زندگانی ہے
صرف صورت کا بند نئیں ناجیؔ
عاشق صاحب معانی ہے
لب شیریں ہے مصری یوسف ثانی ہے یہ لڑکا (غزل)
لب شیریں ہے مصری یوسف ثانی ہے یہ لڑکا
نہ چھوڑے گا میرا دل چاہ کنعانی ہے یہ لڑکا
لیا بوسہ کسی نے اور گریباں گیر ہے میرا
ڈبایا چاہتا ہے سب کو طوفانی ہے یہ لڑکا
سر اوپر لال چیرا اور دہن جوں غنچۂ رنگیں
بہار مدعا لعل بدخشانی ہے یہ لڑکا
قیامت ہے جھمک بازو کے تعویذ طلائی کی
حصار حسن کوں قائم کیا بانی ہے یہ لڑکا
ہوئے روپوش اس کا حسن دیکھ انجم کے جوں خوباں
چمکتا ہے برنگ مہر نورانی ہے یہ لڑکا
قیامت قامت اس کا جن نے دیکھا سو ہوا بسمل
مگر سر تا قدم تیغ سلیمانی ہے یہ لڑکا
میں اپنا جان و دل قرباں کروں اس پر سیتی ناجیؔ
جسے دیکھیں سیں ہوئے عید رمضانی ہے یہ لڑکا