پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نعیم صدیقی کی غزلیں — Naim Siddiqi Ghazals

نعیم صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کچھ حسن وفا کے دیوانے پھر عشق کی راہ میں کام آئے (غزل)

کچھ حسن وفا کے دیوانے پھر عشق کی راہ میں کام آئے

اے کاش تماشا کرنے کو خود تو بھی کنار بام آئے

الفاظ نہ تھے آواز نہ تھی نامہ بھی نہ تھا قاصد بھی نہ تھا

ایسے بھی کئی پیغام گئے ایسے بھی کئی پیغام آئے

شب مے خانے کی محفل میں ارباب جفا کا ذکر چلا

چپ سنتے رہے ہم ڈرتے رہے تیرا بھی نہ ان میں نام آئے

ہم گرچہ فلک پرواز بھی ہیں اور تاروں کے ہم راز بھی ہیں

صیاد پہ آیا رحم ہمیں خود شوق سے زیر دام آئے

پھر لالہ و گل کی نگری سے اٹھلاتی ہوئی آئی ہے صبا

اے اہل قفس چپ چاپ سنو! پھولوں کے تمہیں پیغام آئے

یہ بات الگ ہے پاس رہا کچھ تشنہ لبی کی غیرت کا

ہم پر بھی رہا ساقی کا کرم ہم تک بھی بہت سے جام آئے

شب کتنی بوجھل بوجھل ہے ہم تنہا تنہا بیٹھے ہیں

ایسے میں تمہاری یاد آئی جس طرح کوئی الہام آئے

ہم شاد رہے ناشاد رہے (غزل)

ہم شاد رہے ناشاد رہے

بس آپ ہمیشہ یاد رہے

صیاد نشیمن لاکھ اجڑیں

پنجرا تو ترا آباد رہے

وہ تخت پہ بھی مجبور سے ہیں

زنداں میں بھی ہم آزاد رہے

تن قید میں ہو تو کیا پروا

اے قیدی من آزاد رہے

یہ آزادی کیا آزادی

جب گھات میں اک صیاد رہے

یوں محض کرم بھی ٹھیک نہیں

کچھ تھوڑی سی بیداد رہے

قانون قضا سے کون بچا

نمرود رہے شداد رہے

ہم رند پریشاں حال سہی

بس مے خانہ آباد رہے

ہوا ہے دل کا تقاضا کہ ایک نعت کہوں (نظم)

ہوا ہے دل کا تقاضا کہ ایک نعت کہوں

میں اپنے زخم کے گلشن سے تازہ پھول چنوں

پھر ان پہ شبنم اشک سحر گہی چھڑکوں

پھر ان سے شعروں کی لڑیاں پرو کے نذر کروں

میں ایک نعت کہوں سوچتا ہوں کیسے کہوں

میں تیرہ صدیوں کی دوری پہ ہوں کھڑا حیراں

یہ ایک ٹوٹا ہوا دل یہ دیدۂ گریاں

یہ منفعل سے ارادے یہ مضمحل ایماں

یہ اپنی نسبت عالی یہ قسمت واژوں

یہ تیرے عشق کے دعوے یہ جذبۂ بیمار

یہ اپنی گرمئ گفتار دستیٔ کردار

رواں زبانوں پہ اشعار کھو گئی تلوار

حسین لفظوں کا انبار اڑ گیا مضموں

پہن کے تاج بھی غیروں کے ہم غلام رہے

فلک پہ اڑ کے بھی شاہین اسیر دام رہے

بنے تھے ساقی مگر پھر شکستہ جام رہے

نہ کارساز خرد ہے نہ حشر خیز جنوں

یہاں کہاں سے مجھے رفعت خیال ملے

کہاں سے شعر کو اخلاص کا جمال ملے

کہاں سے قال کو گم گشتہ رنگ حال ملے

حضور ایک ہی مصرع یہ ہو سکا موزوں