Naim Rashid کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پر سکون موجوں میں اضطراب آتا ہے (غزل)
پر سکون موجوں میں اضطراب آتا ہے
ظلم جب بھی بڑھتا ہے انقلاب آتا ہے
زلزلے کی لہروں نے لکھ دیا زمینوں پر
بے عمل قبیلوں پر یوں عذاب آتا ہے
قوتیں مریضانہ صورتیں ضعیفانہ
مفلسوں کے بچوں پر کب شباب آتا ہے
میں نے پھول برسائے اس نے سنگ باری کی
کیا سوال تھا میرا کیا جواب آتا ہے
ظلم کے اندھیرے جب حد سے بڑھنے لگتے ہیں
تیرگی مٹانے کو آفتاب آتا ہے
سب ہے اس کے قبضے میں جس کو چاہتا ہے وہ
رزق اس کے حصے میں بے حساب آتا ہے
برق کر رہی ہے پھر کوششیں جلانے کی (غزل)
برق کر رہی ہے پھر کوششیں جلانے کی
اے خدا حفاظت کر میرے آشیانے کی
کھو گئے ہیں جو لمحے بھیڑ میں زمانے کی
جانے کیوں امیدیں ہیں ان کے لوٹ آنے کی
خرمن محبت ہی خاک ہو گیا اپنا
ہم نے یہ سزا پائی اک دیا جلانے کی
دل کا کرب پلکوں پر جھلملانے لگتا ہے
کوششیں میں کرتا ہوں جب بھی مسکرانے کی
جو سمجھ نہیں پاتے وقت کے اشاروں کو
ان کو روند دیتی ہیں گردشیں زمانے کی
اے نعیمؔ دنیا سے اب کنارہ کش ہو جا
فکر کچھ تو کر ناداں آخری ٹھکانے کی