پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Nadir Kakorvi کی غزلیں — Nadir Kakorvi Ghazals

Nadir Kakorvi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شکایت کر کے غصہ اور ان کا تیز کرنا ہے (غزل)

شکایت کر کے غصہ اور ان کا تیز کرنا ہے

ابھی تو گفتگوئے مصلحت آمیز کرنا ہے

یہ دنیا جائے آسائش نہیں ہے آزمائش ہے

یہاں جو سختیاں تجھ پر پڑیں انگیز کرنا ہے

غزل خوانی کو تو اس بزم میں آیا نہیں نادرؔ

تجھے یاں وعظ کہنا پند سود آمیز کرنا ہے

زاہد کو اپنے زہد پہ کس درجہ ناز ہے (غزل)

زاہد کو اپنے زہد پہ کس درجہ ناز ہے

اس نے سنا نہیں کہ خدا بے نیاز ہے

تم شمع رو ہو میں تو مجسم ہوں ایک شمع

رگ رگ میں میری حالت سوز و گداز ہے

اے چارہ ساز پہلے نکال اس کو کھینچ کر

اک تیر سینہ میں نفس جاں گداز ہے

خدمت کو میری آج بھی حاضر ہے آسماں

وہ اس کو کیا کرے کہ مجھے احتراز ہے

زاہد مئے طہور بھی آخر شراب ہے

مجھ کو تو منع کرتا ہے تو کب مجاز ہے

پہلے گناہ گار ہی پہنچے بہشت میں

وہ تو بڑا کریم بڑا بے نیاز ہے

للہ اے ہجوم تمنا ذرا ٹھہر

یہ وقت رخصت نفس جاں گداز ہے

روز قیامت آج تو واعظ دھرا نہیں

اک عمر چاہئے اسے مدت دراز ہے

غربت میں مجھ سے پوچھتی ہے میری بیکسی

یاں اے غریب کون ترا چارہ ساز ہے

اے ہم رہاں بڑھائے ہوئے اب قدم چلو

دن مختصر ہے اور مسافت دراز ہے

سوتا بنا ہے ناز سے کوئی شب وصال

ہاں واقعی یہ خواب ہے یہ خواب ناز ہے

اے دل نہ کر ہر ایک سے تو شکوۂ رقیب

کمبخت اس میں تیرا ہی افشائے راز ہے

آخر مسیح نے بھی لیا اپنا ہاتھ کھینچ

پروردگار تو ہی بس اب چارہ ساز ہے

تم اور تم سے میل کرے کوئی پاکباز

اچھی کہی کہ غیر بڑا پاکباز ہے

طرز ستم کچھ اور اب ایجاد کیجیے

ترچھی نظر تو ایک پسندیدہ ناز ہے

نادرؔ نکل گیا ہے اگر کوئی شعر گرم

سینہ کا سوز ہے مرے دل کا گداز ہے

یاد ہے مجھ کو جب میں چڑھ کر (نظم)

یاد ہے مجھ کو جب میں چڑھ کر

ایک پہاڑی کی چوٹی پر

شاخ پہ ایک درخت کے بیٹھا

کرتا تھا میں تیرا نظارا

کوسوں تک وہ تیرا شیوہ

دھانی ماشی کا ہی بھورا

کوسوں تک وہ تیرے میداں

ستھرے صاف چٹیلے میداں

چھٹکی چھٹکی جھاڑیاں اس پر

قدرت کی گل کاریاں اس پر

تال تلیاں دریا ریتی

باغ چمن آبادی کھیتی

ایسے تھے سب میری نظر میں

پائیں باغ ہو جیسے گھر میں

جب میں یہ سب دیکھ رہا تھا

خوش تھا دل اور یہ کہتا تھا

حد نظر کو اور بڑھاؤں

ایسی بلندی پر چڑھ جاؤں

ایسی چوٹی پر جا بیٹھوں میں

صاف جہاں سے دیکھ سکوں میں

شہر اور صوبے گاؤں اور قصبے

بکھرے بکھرے چھٹکے چھٹکے

سارا قدرت کا فرنیچر

میرے آگے آئے سمٹ کر

ساری انسانی آبادی

یعنی دنیا کی آبادی

میرے آگے کھیل رہی ہو

روتی گاتی اور ہنستی ہو

اس محویت میں جب میں تھا

مجھ کو ہوا معلوم کہ گویا

کوئی مجھ کو کھینچ رہا ہے

چونک پڑا میں کون ہے کیا ہے

مزید غزلیں از Nadir Kakorvi ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں