Nadir Areez کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نئے مجرم ہیں پرانوں کی طرف دیکھتے ہیں (غزل)
نئے مجرم ہیں پرانوں کی طرف دیکھتے ہیں
مقتدی اپنے اماموں کی طرف دیکھتے ہیں
خوف سے بھاگ کھڑے ہوتے ہیں بزدل فوجی
ہم ندامت سے شہیدوں کی طرف دیکھتے ہیں
اتنا پیارا ہے وہ چہرہ کہ نظر پڑتے ہی
لوگ ہاتھوں کی لکیروں کی طرف دیکھتے ہیں
ہجر راس آتا تو کیوں کرتے تجھے یاد میاں
دھوپ لگتی ہے تو چھاؤں کی طرف دیکھتے ہیں
کیا خسارا ہے انہیں بچوں کا گھر بسنے میں
ہم تعجب سے بزرگوں کی طرف دیکھتے ہیں
جن کو آسانی سے دیدار میسر ہے ترا
وہ کہاں باغ میں پھولوں کی طرف دیکھتے ہیں
پہلا موقع ہے محبت کی طرف داری کا
کبھی اس کو کبھی لوگوں کی طرف دیکھتے ہیں
اپنی خودداری تو پامال نہیں کر سکتے (غزل)
اپنی خودداری تو پامال نہیں کر سکتے
اس کا نمبر ہے مگر کال نہیں کر سکتے
سیم جائے گا تو پھر نقش ابھاریں گے کوئی
کام دیوار پہ فی الحال نہیں کر سکتے
رہ بھی سکتا ہے ترا نام کہیں لکھا ہوا
سارے جنگل کی تو پڑتال نہیں کر سکتے
دوست تصویر بہت دور سے کھینچی گئی ہے
ہم اجاگر یہ خد و خال نہیں کر سکتے
روتی آنکھوں پہ میاں ہاتھ تو رکھ سکتے ہیں
پیش اگر آپ کو رومال نہیں کر سکتے
دے نہ دے کام کی اجرت یہ ہے مرضی اس کی
پیشۂ عشق میں ہڑتال نہیں کر سکتے
دشت آئے جسے وحشت کی طلب ہو نادرؔ
یہ غذا شہر ہم ارسال نہیں کر سکتے