پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ندیم ناجد کی غزلیں — Nadeem Najid Ghazals

ندیم ناجد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جو سن سکو تو سنو تم فغاں چراغوں کی (غزل)

جو سن سکو تو سنو تم فغاں چراغوں کی

لویں چرا لی گئی ہیں یہاں چراغوں کی

میں خال و خد کے بکھرنے سے بچنا چاہتا ہوں

سو مجھ کو چاہیے کچھ دن اماں چراغوں کی

جسے بھی چاہیے وہ آئے روشنی لے جائے

سجائے بیٹھے ہیں ہم تو دکاں چراغوں کی

یہیں کہیں پہ محبت کا ہے پڑاؤ میاں

سنائی دینے لگی ہے اذاں چراغوں کی

سحر سے کہیے کہ ٹھہرے اور انتظار کرے

میں سن رہا ہوں ابھی داستاں چراغوں کی

صرف سایہ ہی نہیں پاؤں میں رکھا ہوا ہے (غزل)

صرف سایہ ہی نہیں پاؤں میں رکھا ہوا ہے

ایک سورج بھی مری چھاؤں میں رکھا ہوا ہے

یہ الگ بات کہ میں شہر زدہ ہوں لیکن

بچپنا اب بھی مرا گاؤں میں رکھا ہوا ہے

دربدر ڈھونڈھتا پھرتا ہے زمانہ جس کو

وہ گھنا سایہ فقط ماؤں میں رکھا ہوا ہے

کوئی رشتہ نہ سہی کوئی تعلق نہ سہی

کیا یہ کم ہے کہ شناساؤں میں رکھا ہوا ہے

کیا کریں بانٹ لیا ہے غم دنیا نے ہمیں

سر بچا ہے سو ترے پاؤں میں رکھا ہوا ہے

اکیلے اور فرصت میں (نظم)

اکیلے اور فرصت میں

کبھی سب چھوڑ جائیں تو

بس انجانے میں تم یوںہی مجھے مس کال دے دینا

مجھے بس بات کرنا ہے

مری جاں بات ایسی

جو کبھی نہ ختم ہو پائے

یہ خواہش ہے

کسی دن بس تری آواز میں گھل کر

محبت میں کہیں دھل کر

حیات جاوداں پاؤں

حصار عشق میں تیرے

کچھ اس طرح بھٹک جاؤں

کبھی بھی لوٹ نہ پاؤں

مزید غزلیں از ندیم ناجد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں