پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ندیم فرخ کی غزلیں — Nadeem Farrukh Ghazals

ندیم فرخ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کئی سپنے ادھورے رہ گئے ہیں (غزل)

کئی سپنے ادھورے رہ گئے ہیں

مری مٹھی میں لمحے رہ گئے ہیں

خوشامد کا ہنر ہم کو نہ آیا

اسی باعث تو پیچھے رہ گئے ہیں

پریشاں اس لیے پھرتے ہیں بادل

بہت سے کھیت پیاسے رہ گئے ہیں

ہم اپنے زیست کے اندھے سفر میں

اکیلے تھے اکیلے رہ گئے ہیں

بہت خوش ہو چراغوں کو بجھا کر

وہ دیکھو چاند تارے رہ گئے ہیں

کچھ اس طرح سے زمانے پہ چھانا چاہتا ہے (غزل)

کچھ اس طرح سے زمانے پہ چھانا چاہتا ہے

وہ آفتاب پہ پہرے بٹھانا چاہتا ہے

تعلقات کے دھاگے تو کب کے ٹوٹ چکے

مگر یہ دل ہے کہ پھر آنا جانا چاہتا ہے

جو قطرہ قطرہ اکٹھا ہوا تھا آنکھوں میں

وہ خون اب مری پلکوں پہ آنا چاہتا ہے

چٹخ رہا ہے جو رہ رہ کے میرے سینے میں

وہ مجھ میں کون ہے جو ٹوٹ جانا چاہتا ہے

امیر شہر تری بندشیں معاذ اللہ

فقیر اب تری بستی سے جانا چاہتا ہے

یہ خواہشات کا پنچھی عجیب ہے ہر روز

نئی فضائیں نیا آب و دانا چاہتا ہے

اداسی جھانکنے لگتی ہے اس کی آنکھوں سے

وہ شخص جب بھی کبھی مسکرانا چاہتا ہے

مزید غزلیں از ندیم فرخ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں