مصطفی شہاب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پرانے گھر میں نیا گھر بسانا چاہتا ہے (غزل)
پرانے گھر میں نیا گھر بسانا چاہتا ہے
وہ سوکھے پھول میں خوشبو جگانا چاہتا ہے
نہ جانے کیوں ترے معصوم جھوٹ کو آخر
زمانہ سچ کی طرح آزمانا چاہتا ہے
ابھی تپاس سے نکلا نہیں ترا سادھو
کہ پھر سے اک نئی دھونی رمانا چاہتا ہے
یہ آب دیدہ ٹھہر جائے جھیل کی صورت
کہ ایک چاند کا ٹکڑا نہانا چاہتا ہے
خود اپنی آنکھ میں پانی اتارنے والا
ہماری آنکھ کو صحرا بنانا چاہتا ہے
تجھے تو باندھ کے رکھا ہے نیستی نے شہابؔ
تو ہے کہ حد فسوں کو مٹانا چاہتا ہے
کیسے پتا چلے گا اگر سامنا نہ ہو (غزل)
کیسے پتا چلے گا اگر سامنا نہ ہو
میں جس کو چاہتا ہوں مجھے چاہتا نہ ہو
شب کے سفر میں چاند ستارے تو ساتھ ہیں
کچھ اور مہربان فلک ہو تو کیا نہ ہو
بچھڑا وہ مجھ سے ایسے نہ بچھڑے کبھی کوئی
اب یوں ملا ہے جیسے وہ پہلے ملا نہ ہو
پیتا ہوں روز اس کی نصیحت کے باوجود
میرے گناہ کی کہیں دوہری سزا نہ ہو
رکھتا ہوں یاد اس لیے ہر فصل گل شہابؔ
دن ہوں برے ہزار مگر دل برا نہ ہو