پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مصطفی جمیل کی غزلیں — Mustafa Jameel 1 Ghazals

مصطفی جمیل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ لاکھ پوچھے اگر تجھ سے خیریت میری (غزل)

وہ لاکھ پوچھے اگر تجھ سے خیریت میری

نہ کہنا اس سے صبا تو یہ کیفیت میری

میں ایک لمحہ ہوں گزرے ہوئے زمانے کا

تمہیں خبر ہی نہیں کیا ہے اہمیت میری

میں ڈوبا رہتا ہوں فکر سخن کے دریا میں

کوئی تو دیکھے ذرا آ کے محویت میری

تمہارے پیار نے مشہور کر دیا ورنہ

میں اک غریب بھلا کیا ہے حیثیت میری

پئے ہیں شکر ادا کرکے صبر کے ساغر

ہوئی ہے سایۂ صابر میں تربیت میری

میں اپنی ماں کے قدم چوم کر نکلتا ہوں

اسی لئے تو چمکتی ہے شخصیت میری

ضرور مجھ میں چھپا ہے جمیلؔ وہ آ کر

بنی ہے رشک کے قابل جو شخصیت میری

وہ لوگ وقت کو اپنا غلام کرتے ہیں (غزل)

وہ لوگ وقت کو اپنا غلام کرتے ہیں

جو حادثوں کو ادب سے سلام کرتے ہیں

تمہارے شہر میں تصویریں بولتی ہوں گی

ہمارے گاؤں میں پتھر کلام کرتے ہیں

مری سنو تو یہ بوڑھا درخت مت کاٹو

سنا ہے اس پہ پرندے قیام کرتے ہیں

ہم اپنے فرض سے غافل کبھی نہیں رہتے

وفا کی رسم کو دنیا میں عام کرتے ہیں

انہیں قبیلوں پہ فاقوں کی بارشیں برسیں

جو اپنے کھیتوں میں دن رات کام کرتے ہیں

وقار غیرت قومی کو شرم آتی ہے

وطن میں ایسے بھی کچھ لوگ کام کرتے ہیں

یہ مصطفیٰ کا کرم ہے جمیلؔ پر اپنے

تمام لوگ مرا احترام کرتے ہیں

مزید غزلیں از مصطفی جمیل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں