پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مصطفی حسین نیرٍ کی غزلیں — Mustafa Husain Nayyar Ghazals

مصطفی حسین نیرٍ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

رہین واردات دل ہے نیر شاعری اپنی (غزل)

رہین واردات دل ہے نیر شاعری اپنی

مرتب کر رہا ہوں میں غزل میں زندگی اپنی

جھکی ہے پائے جاناں پر جبین عاشقی اپنی

متاع دین و ایماں بن گئی ہے کافری اپنی

نہ اب وہ عہد رنگیں ہے نہ اب وہ زندگی اپنی

لبوں تک آتے آتے لوٹ جاتی ہے ہنسی اپنی

بڑی عظمت کی حامل ہے شراب عاشقی اپنی

مے و مینا پہ چھائی جاتی ہے پاکیزگی اپنی

نگاہ یار کا طرز تخاطب آہ کیا کہئے

خبر ہونے نہ پائی اور دنیا لٹ گئی اپنی

یہی مسرور نظریں جن میں دنیائے مسرت ہے

انہیں مسرور نظروں نے مسرت لوٹ لی اپنی

ادھر ہے کفر نازاں اس طرف ایمان نازاں ہے

یہ کس کے آستاں پر ہے جبین بندگی اپنی

ذرا تو بھی تو دیکھے دل پہ کیا عالم گزرتا ہے

عطا کر دے مری نظروں کو اک دن برہمی اپنی

جو میں نے حسن کو سجدہ کیا کیوں خلق حیراں ہے (غزل)

جو میں نے حسن کو سجدہ کیا کیوں خلق حیراں ہے

محبت میرا مذہب ہے محبت میرا ایماں ہے

محبت ایک طوفان اور ہیبت ناک طوفاں ہے

کہ جس کی ابتدا میں انتہا کا جوش پنہاں ہے

تعجب ہے کہ یہ دنیا مجھے کافر سمجھتی ہے

نہیں معلوم اسے شاید محبت عین ایماں ہے

کہانی ہے کہانی ہی سہی افسانۂ الفت

مگر یہ وہ کہانی ہے حقیقت جس میں پنہاں ہے

جہاں کو درس عبرت ہے میرا ذوق وفاداری

میں اس کا دوست بنتا ہوں جو میرا دشمن جاں ہے

بھلا دیکھا بھی ہے مرتے کسی کو وقت سے پہلے

حقیقت میں قضا ہی زندگانی کی نگہباں ہے

مزید غزلیں از مصطفی حسین نیرٍ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں