Mushtaq Hashmi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میری جانب ملتفت سارا جہاں ہو جائے گا (غزل)
میری جانب ملتفت سارا جہاں ہو جائے گا
دل اگر مہر و محبت کا مکاں ہو جائے گا
سونپ دو تلوار پہلے تم ذرا مظلوم کو
دیکھنا پھر شہر میں امن و اماں ہو جائے گا
امتیاز رنگ و بو کا خاتمہ جس دن ہوا
پھر یہی ہندوستاں رشک جناں ہو جائے گا
کیا ضروری ہے کریں ہر شخص سے اظہار غم
خامشی سے مدعا خود ہی بیاں ہو جائے گا
دوستوں سے تم نہ کرنا انکشاف راز دل
آشکارا ورنہ پھر راز نہاں ہو جائے گا
ہو اگر ان کو پتہ مشتاقؔ ہے مشتاق دید
آسماں اک اور زیر آسماں ہو جائے گا
وہ عہد طفل سے زریں شباب مانگے ہے (غزل)
وہ عہد طفل سے زریں شباب مانگے ہے
تھما کے ہاتھ میں خنجر گلاب مانگے ہے
مقام زیست کا ایسا مقام ہے یہ بھی
ہر ایک صبح نیا انقلاب مانگے ہے
مزاج وقت نئی صبح کے جھرونکوں سے
خیال و فکر کا اک آفتاب مانگے ہے
رفاقتوں کے وسیلوں کا واسطہ دے کر
چرا کے نیند مری مجھ سے خواب مانگے ہے
اس اجنبی کو نہ جانے لگاؤ ہے کیسا
ہر ایک لمحہ کا مجھ سے حساب مانگے ہے
تقاضے اس کے عجب تھے کہوں میں کیا مشتاقؔ
زمیں پہ جیسے کوئی ماہتاب مانگے ہے