Mushtaq Darbhangwi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وقت کے ہاتھوں مجھے مجبور ہونا تھا ہوا (غزل)
وقت کے ہاتھوں مجھے مجبور ہونا تھا ہوا
رشتۂ مہر و وفا کافور ہونا تھا ہوا
تلملا کر رو پڑی ہے کوشش چارہ گری
میرے دل کے زخم کو ناسور ہونا تھا ہوا
تم رہے قیدی مکاں کے یا تھے خواب ناز میں
مجھ کو دن بھر کی تھکن سے چور ہونا تھا ہوا
کھو گئے راہوں میں کتنے ہی یہاں اہل خرد
دار پر چڑھ کر جسے مشہور ہونا تھا ہوا
اس بت طناز کی آنکھوں پہ تہمت کیا لگے
میرے دل کے آئنے کو چور ہونا تھا ہوا
ہم تو اے مشتاقؔ مست ساقئ محفل رہے
جس کو صید دختر انگور ہونا تھا ہوا
کون کہتا ہے کہ تیری جستجو کرتے رہے (غزل)
کون کہتا ہے کہ تیری جستجو کرتے رہے
سادہ دل عشاق شرح آرزو کرتے رہے
غم کی بستی میں کروڑوں چاک دامان الم
زیست کے ہر دور میں فکر رفو کرتے رہے
جس نے بخشا ہی نہیں کچھ سوزش غم کے سوا
زندگی بھر ہم اسی کی آرزو کرتے رہے
یہ تھی نا سمجھی ہماری چھوڑ کر اپنا دیار
تیرے کوچے میں تلاش رنگ و بو کرتے رہے
اے دل خانہ خراب اس پیکر گل کی تلاش
در بہ در صحرا بہ صحرا کو بہ کو کرتے رہے