Mushtaq Anjum کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اس کی آنکھوں میں حیا اور اشارہ بھی ہے (غزل)
اس کی آنکھوں میں حیا اور اشارہ بھی ہے
بند ہونٹوں سے مجھے اس نے پکارا بھی ہے
اس نے کاندھے پہ ہمارے جو کبھی سر رکھا
یوں لگا زیست میں کوئی تو ہمارا بھی ہے
ریت بھی گرم ہے اور دھوپ بھی ہے تیز مگر
اس کی پر کیف رفاقت کا سہارا بھی ہے
چوم کر ہاتھ مرا دیتا ہے وہ دل کو کسک
کیسا دشمن ہے کہ جو جان سے پیارا بھی ہے
اس کے رخسار پہ بارش کی وہ ہلکی بوندیں
پھول پر قطرۂ شبنم کا نظارا بھی ہے
اتنا اترانا بھی کچھ ٹھیک نہیں یاد رہے
زیست میں نفع بھی ہے اور خسارا بھی ہے
تیرتا جاتا ہوں اور سوچ رہا ہوں انجمؔ
اس سمندر کا کہیں کوئی کنارا بھی ہے
قہقہے کی موت ہے یا موت کی آواز ہے (غزل)
قہقہے کی موت ہے یا موت کی آواز ہے
سسکیاں لیتا ہوا اب زندگی کا ساز ہے
ایک سایہ لڑکھڑاتا آ رہا ہے اس طرف
دیکھیے تو اک حقیقت سوچئے تو راز ہے
ریت میں منہ ڈال کر سانسوں کا اس کا روکنا
چند سکوں کے لئے بچہ بڑا جانباز ہے
سوچ کی منزل کہیں ہے اور آنکھیں ہیں کہیں
جانتا ہوں کس میں کتنی قوت پرواز ہے
دے رہا وہ دلاسے کیوں جفا کرنے کے بعد
چاہتا ہے مجھ سے کیا کیسا مرا ہم راز ہے
کس طرح ہوگا بیاں حال دل بیمار اب
آسماں برہم ہے اور خاموش چارہ ساز ہے
دور آیا ہے عجب انجمؔ یہاں ہشیار باش
زاغ ہے مخدوم اور خادم یہاں شہباز ہے