پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مشفق خواجہ کی غزلیں — Mushfiq Khwaja Ghazals

مشفق خواجہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گزر گئے ہیں جو دن ان کو یاد کرنا کیا (غزل)

گزر گئے ہیں جو دن ان کو یاد کرنا کیا

یہ زندگی کے لیے روز روز مرنا کیا

مری نظر میں گئے موسموں کے رنگ بھی ہیں

جو آنے والے ہیں ان موسموں سے ڈرنا کیا

بجھے ہوئے در و دیوار کو بھی رونق دے

یہ خواب بن کے مری آنکھ سے گزرنا کیا

مثال اشک سر دامن حیات ہوں میں

مری روانی ہی کیا اور مرا ٹھہرنا کیا

ہجوم جلوہ سے جس راہ پر چراغاں تھا

جو بجھ گئی ہے تو اس راہ سے گزرنا کیا

مثال نقش قدم اپنی حیرتوں میں ہوں گم

وہ جا چکا ہے تو پھر انتظار کرنا کیا

گزر رہی ہے غنیمت ہے زندگی مانا

مگر یہ ایک ہی انداز سے گزرنا کیا

یہ کوئی دل تو نہیں ہے کہ ٹھہر جائے گا (غزل)

یہ کوئی دل تو نہیں ہے کہ ٹھہر جائے گا

وقت اک خواب رواں ہے سو گزر جائے گا

ہر گزرتے ہوئے لمحے سے یہی خوف رہا

حسرتوں سے مرے دامن کو یہ بھر جائے گا

دل شفق رنگ ہوا ڈوبتے سورج کی طرح

رات آئے گی تو ہر خواب بکھر جائے گا

شدت غم سے ملا زیست کو مفہوم نیا

ہم سمجھتے تھے کہ دل جینے سے بھر جائے گا

چند لمحوں کی رفاقت ہی غنیمت ہے کہ پھر

چند لمحوں میں یہ شیرازہ بکھر جائے گا

اپنی یادوں کو سمیٹیں گے بچھڑنے والے

کسے معلوم ہے پھر کون کدھر جائے گا

یادیں رہ جائیں گی اور یادیں بھی ایسی جن کا

زہر آنکھوں سے رگ و پے میں اتر جائے گا

مزید غزلیں از مشفق خواجہ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں