Musanna Rizvi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نگری نگری گھوم کے دیکھا ہم کو لگے انجانے لوگ (غزل)
نگری نگری گھوم کے دیکھا ہم کو لگے انجانے لوگ
اپنی اپنی سب کو پڑی ہے درد سے ہیں بیگانے لوگ
کیسے کیسے گل ہیں کھلائے اہل خرد کی حکمت نے
کون سنے گا بات ہماری ہم ٹھہرے دیوانے لوگ
آگ لگانا کھیل تھا جن کا درد کے لالہ زاروں میں
شعلۂ سوزاں سے لرزاں ہیں آج وہی فرزانے لوگ
کس کی تمنا کون سے ارماں کس کا تصور کون سے خواب
پاس تھا جو بھی کھو کر لوٹے نکلے تھے کچھ پانے لوگ
مارے مارے پھرتے رہے ہم حال نہ پوچھا ایک نے بھی
خواب ہیں سب کے بکھرے بکھرے بھول چکے افسانے لوگ
ستم کی بات جہاں حرف معتبر ٹھہرے (غزل)
ستم کی بات جہاں حرف معتبر ٹھہرے
نوائے درد وہاں کیوں نہ بے اثر ٹھہرے
ہزار حیف کہ جو آگہی کے دشمن تھے
ہمارے شہر میں وہ لوگ دیدہ ور ٹھہرے
تمام عمر ستاتا رہا بس ایک خیال
وہ خواب کاش ان آنکھوں میں عمر بھر ٹھہرے
کبھی تو دل کو میسر سکون ہو یا رب
کہیں تو جا کے یہ بھٹکی ہوئی نظر ٹھہرے
گراں گزرتی تو ہے اس کی تلخیٔ گفتار
عجب نہیں کہ وہی شخص معتبر ٹھہرے