پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مرلی دھر شاد کی غزلیں — Murli Dhar Shad Ghazals

مرلی دھر شاد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شب ہجر میں یاد آنا کسی کا (غزل)

شب ہجر میں یاد آنا کسی کا

ستائے ہوئے کو ستانا کسی کا

کبھی پیار کی باتیں وہ چپکے چپکے

کبھی ناز سے روٹھ جانا کسی کا

وہ بھولی ادائیں نہ کیوں یاد آئیں

لڑکپن میں تھا کیا زمانہ کسی کا

کبھی تھی وہ غصہ کی چتون قیامت

کبھی عاجزی سے منانا کسی کا

وہ دل بن کے دام محبت میں آیا

کہ زلفوں میں تھا آشیانا کسی کا

نظر لگ گئی میرے دشمن کی مجھ کو

قیامت ہوا روٹھ جانا کسی کا

کھلائے گا گل رنگ لائے گا اے شادؔ

تجھے دیکھ کر مسکرانا کسی کا

دوست بن کر وہ دلستاں نہ رہا (غزل)

دوست بن کر وہ دلستاں نہ رہا

چار دن بھی تو مہرباں نہ رہا

دل کے دم سے تھا حسرتوں کا ہجوم

اب وہ سالار کارواں نہ رہا

کیا حسینوں نے ظلم چھوڑ دیا

دل میں کیوں درد کا نشاں نہ رہا

کعبہ میں دیر میں کلیسا میں

ذکر اس کا کہاں کہاں نہ رہا

دل میں میرے وہ چھپ کے بیٹھ گئے

جب کوئی ان کا پاسباں نہ رہا

مجھ سے گر روٹھ کر گیا کوئی

بے وفائی کا بھی گماں نہ رہا

آپ کے ظلم بھی خوشی سے سہے

شادؔ کس روز شادماں نہ رہا

مزید غزلیں از مرلی دھر شاد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں