پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Muqsit Nadeem کی غزلیں — Muqsit Nadeem Ghazals

Muqsit Nadeem کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ آگہی ہے جو کرتی ہے مجھ کو ذات میں گم (غزل)

یہ آگہی ہے جو کرتی ہے مجھ کو ذات میں گم

پھر اس کے بعد میں ہوتا ہوں شش جہات میں گم

یہ کائنات مری جان قفل ابجد ہے

میں کھولتا ہوں اسے کر کے ممکنات میں گم

یہ دائرے ہیں تمہیں پھر سے قید کر لیں گے

فنا سے نکلے تو ہو جاؤ گے ثبات میں گم

میں کربلا ہوں مجھے دیکھ میری قامت دیکھ

زمانہ کر نہیں سکتا مجھے فرات میں گم

تری جدائی کا نیلم الگ سے رکھا ہے

کیا نہیں اسے دنیا کے زیورات میں گم

مرا بڑھاپا مری روح کی تلاش میں ہے

مری جوانی بدن کے لوازمات میں گم

میں علم ہوں مجھے تسخیر کرنا آتا ہے

وہ جہل تھا جو ہوا تیری کائنات میں گم

مرا دشمن کوئی میرے علاوہ ہو نہیں سکتا (غزل)

مرا دشمن کوئی میرے علاوہ ہو نہیں سکتا

اگر یہ فرض کر لیں ہے تو ایسا ہو نہیں سکتا

بڑا لشکر ہے میرے سامنے اور میں تن تنہا

مرے پیچھے سمندر ہے میں پسپا ہو نہیں سکتا

میں اپنے آپ سے ملنے چلا آتا ہوں جب چاہوں

مری عادت ہی ایسی ہے میں تنہا ہو نہیں سکتا

مرے جیسے ہزاروں ہو بہو موجود ہیں مجھ میں

مجھے کل تک گماں تھا کوئی مجھ سا ہو نہیں سکتا

مداری ہے کوئی لیکن نظر آتا نہیں مقسطؔ

کہ اپنے آپ یہ سارا تماشا ہو نہیں سکتا

مزید غزلیں از Muqsit Nadeem ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں