منتظر لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یادگار زمانہ ہیں ہم لوگ (غزل)
یادگار زمانہ ہیں ہم لوگ
سن رکھو تم فسانہ ہیں ہم لوگ
خلق سے ہو گئے ہیں بیگانے
شاید اس کے یگانہ ہیں ہم لوگ
کیوں نہ ہر گل پہ ہوویں زمزمہ سنج
بلبل خوش ترانہ ہیں ہم لوگ
سب کے مخدوم ہیں ولے تیرے
خادم آستانہ ہیں ہم لوگ
تیر مژگاں ہے کیا بلا جس کے
جان و دل سے نشانہ ہیں ہم لوگ
یار آگے نکل گئے ہیں کئی
پیچھے ان کے روانہ ہیں ہم لوگ
اپنے جی میں سمجھ تو زلف دراز
قابل تعزیانہ ہیں ہم لوگ
منتظرؔ شکل بلبل وحشی
دشمن آشیانہ ہیں ہم لوگ
امید ہے کہ مجھ کو خدا آدمی کرے (غزل)
امید ہے کہ مجھ کو خدا آدمی کرے
پر آدمی کرے تو بھلا آدمی کرے
اس طرح وہ فریب سے دل لے گئے مرا
جس طرح آدمی سے دغا آدمی کرے
بھاتیں نہیں کچھ اس کے نکلتی ہے اپنی جان
کیا ایسے بے وفا سے وفا آدمی کرے
مارا ہے کوہ کن نے سر اپنے پہ تیشہ آہ
دل کو لگی ہو چوٹ تو کیا آدمی کرے
گر کچھ کہا بگڑ کے میں بس اس نے ہنس دیا
کیا ایسے آدمی کا گلا آدمی کرے
گزرا میں ایسی چاہ سے تا چند ہم نشیں
بیٹھا کسی کے سر کو لگا آدمی کرے
ہے عشق بد مرض کوئی جاتا ہے منتظرؔ
کیا خاک اس مرض کی دوا آدمی کرے