پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Munshi Thakur Parsad Talib کی غزلیں — Munshi Thakur Parsad Talib Ghazals

Munshi Thakur Parsad Talib کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شگفتہ اپنا دل داغدار رہتا ہے (غزل)

شگفتہ اپنا دل داغدار رہتا ہے

یہاں خزاں میں بھی لطف بہار رہتا ہے

تصور رخ و گیسوئے یار رہتا ہے

یہاں خیال یہ لیل و نہار رہتا ہے

تمہاری تیغ نگہ تیز کیوں ہے عاشق پر

یہ صید آپ ہی ہر دم شکار رہتا ہے

سیاہ پوشیٔ پیر فلک ہے راز عجیب

غم اس کو کس کا ہے کیوں سوگوار رہتا ہے

کیا ہے آنکھوں میں جس دن سے لخت دل نے مقام

ہمارے پیش نظر لالہ زار رہتا ہے

خدا بچاتا ہے بس ورنہ عاشق مہجور

اجل سے آٹھ پہر ہمکنار رہتا ہے

جسے کہ گردش گردوں نے پیس ڈالا ہو

زمیں سے کب اسے خوف فشار رہتا ہے

گناہ گار ہوں طالبؔ اسی سبب ہر دم

خیال آمد روز شمار رہتا ہے

مہرباں مجھ پہ دم نزع وہ گلفام ہوا (غزل)

مہرباں مجھ پہ دم نزع وہ گلفام ہوا

بارے آغاز سے بہتر مرا انجام ہوا

کبھی آتا نہیں یاں حرف شکایت لب تک

کیا زباں پر بھی مسلط دل ناکام ہوا

قید ہستی سے رہا ہوں گا نہ بے موت آئے

مجھ سے وحشی کے لئے تار نفس دام ہوا

شانہ کہتا ہے مرے دل سے مخاطب ہو کر

جو پھنسا زلف میں وہ مورد آلام ہوا

دہن یار کے مضموں جو غزل میں دیکھے

لوگ کہنے لگے شاعر کو یہ الہام ہوا

حرف رخصت تو زباں پر ترے آیا بھی نہ تھا

مضطرب پہلے ہی کیوں یہ دل ناکام ہوا

اپنے ساقی کی شکایت نہیں کرتا لیکن

دور کیسا ہے کہ مملو نہ مرا جام ہوا

رنگ فق ماہ منور کا ہوا گردوں پر

جلوہ فرما وہ پری رو جو لب بام ہوا

اس زمانے میں وہ جادو ہے خوشامد کا کلام

جس نے طالبؔ سنا وہ بندۂ بے دام ہوا

مزید غزلیں از Munshi Thakur Parsad Talib ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں