منی بائی حجاب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
حال حجاب قابل شرح و بیاں نہیں (غزل)
حال حجاب قابل شرح و بیاں نہیں
آنسو نہ ٹپکے سن کے یہ وہ داستاں نہیں
دل میں جگر میں سینے میں پہلو میں آنکھ میں
اے عشق تیری شعلہ فشانی کہاں نہیں
کرتے ہو قتل بو الہوسوں کو غضب ہے یہ
سمجھے ہو تم مگر کوئی عاشق یہاں نہیں
پوچھو نہ حال زار مرا تم سے کیا کہوں
گم کردہ راہ باغ ہوں یاد آشیاں نہیں
ہم بھی خرید لیتے ترے ظلم کے لئے
بازار دہر میں کوئی دل کی دکاں نہیں
دیتے ہیں چھیڑ چھیڑ کے کیوں مجھ کو گالیاں
سمجھے ہوئے ہیں وہ مرے منہ میں زبان نہیں
وہ اور میرے گھر میں چلے آئیں خود بخود
سر پر مرے حجاب مگر آسماں نہیں
عدو کے کہنے سے مجھ کو ذلیل و خوار کیا (غزل)
عدو کے کہنے سے مجھ کو ذلیل و خوار کیا
سزا یہ اس کی ہے میں نے جو تم کو پیار کیا
نہ ہوگا داور محشر کے آگے حشر میں بھی
کہ عمر بھر اسی کافر کو میں نے پیار کیا
ہم اور بیچ میں آتے ہیں ان کی باتوں کے
انہوں نے وعدہ کیا ہم نے اعتبار کیا
بتا تو چرخ بھلا اس سے تجھ کو کیا حاصل
کسی کا شیوۂ ذاتی جو اختیار کیا
مزا یہی ہے کہ طرفین سے ہوئے بے چینی
مرے تڑپنے نے ان کو بھی بے قرار کیا
ہماری نعش کو ٹھوکر لگا کے اس نے کہا
ہمارے آنے کا کیا خوب انتظار کیا
برا کیا جو کہا ان سے مدعا دل کا
غضب کیا جو محبت کو آشکار کیا