پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

منے خاں عازم کی غزلیں — Munne Khan Azim Ghazals

منے خاں عازم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اس گردش مدام سے گھبرا گیا ہوں میں (غزل)

اس گردش مدام سے گھبرا گیا ہوں میں

رفتار ایک سی ہے تو اکتا گیا ہوں میں

ہر پل ہجوم یاس کا پیکر بنا ہوا

اکثر اس ایک حال میں دیکھا گیا ہوں میں

پژمردہ زندگی سے تو پیچھا چھٹے کہ بس

ہر دن خوشی کی آس میں مرتا گیا ہوں میں

اپنوں کو اپنا کہتے ہوئے آئے شرم سی

کس کس نظر سے دوستو دیکھا گیا ہوں میں

میں نے ندیم رکھ تو لیا حسن کا بھرم

پر عشق کی چتا میں جلایا گیا ہوں میں

لے کر اٹھا ہوں پھر سے میں اک اور عزم نو

عازمؔ کے نام سے بھی تو جانا گیا ہوں میں

لاکھوں غم چھپائے ہیں اک خوشی کے پردے میں (غزل)

لاکھوں غم چھپائے ہیں اک خوشی کے پردے میں

درد ہی کے سائے ہیں ہر ہنسی کے پردے میں

کیا یقیں کریں یارو اپنے ہوں کہ بیگانے

دشمنی ہی پاتے ہیں دوستی کے پردے میں

یہ بھی تو حقیقت ہے تلخ ہی سہی لیکن

موت ہی کے سائے ہیں زندگی کے پردے میں

حسرتوں کی بستی میں ہے جنازہ ارماں کا

کلفتیں ہی پاتے ہیں دل لگی کے پردے میں

وہ جفا کے خوگر ہیں ہم وفا کے پروردہ

الفتیں بھی پاتے ہیں برہمی کے پردے میں

اپنی کم نصیبی کا کیا کریں گلہ عازمؔ

تیرگی ہی پاتے ہیں روشنی کے پردے میں

مزید غزلیں از منے خاں عازم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں