محمد سلیم نشتر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اس کے رنگ میں رنگی گزر جائے (غزل)
اس کے رنگ میں رنگی گزر جائے
زندگی پھر مری سنور جائے
زندگی موت کی امانت ہے
پھر بھلا کوئی کیوں مکر جائے
زندگی اک دھویں کا مرغولہ
جب ہوا تیز ہو بکھر جائے
اس نے معراج زندگی پائی
جو خدا کی رضا میں مر جائے
مستحق لوگ ہاتھ ملتے ہیں
اور گداگر کی جھولی بھر جائے
گر ہدایت نہ ہو تری مجھ کو
تیرا دیوانہ پھر کدھر جائے
یہ علامت بھی ہے منافق کی
وعدہ کرکے بھی جو مکر جائے
زندگی زندگی نہیں نشترؔ
جو فقط کھیل میں گزر جائے
سر سے باندھے کفن نکلتا ہوں (غزل)
سر سے باندھے کفن نکلتا ہوں
گود میں موت کی میں پلتا ہوں
راستہ ہر گھڑی بدلتا ہوں
میں ندی کی طرح مچلتا ہوں
بھول جاتا ہوں سب ستم ان کے
اک تبسم سے میں بہلتا ہوں
وہ تو ملتے نہیں ہیں مل کے بھی
ہجر کی آگ میں میں جلتا ہوں
تو ہی ہم راہ میرے در پردہ
ورنہ گر کے میں کیوں سنبھلتا ہوں
چال وہ چل گئے قیامت کی
بیکسی پر میں ہاتھ ملتا ہوں
درد سے کہہ رہا ہے یہ نشتر
تو اب آرام کر میں چلتا ہوں