پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Mohammad Moosa کی غزلیں — Mohammad Moosa Ghazals

Mohammad Moosa کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم رہ شوق میں گر گر کے سنبھل جائیں گے (غزل)

ہم رہ شوق میں گر گر کے سنبھل جائیں گے

وہ نظر بدلی تو حالات بدل جائیں گے

نگہ شوق اگر آ گئی اپنی ضد پر

سب حجابات تجلی میں بدل جائیں گے

میری تقدیر میں آ جائیں گے الجھن بن کر

جتنے بل گیسوئے جاناں کے نکل جائیں گے

قافلے والوں کو یہ راز بتا دے کوئی

رہنما بدلے تو رستے بھی بدل جائیں گے

میرے اشکوں سے ذرا دور ہی رہئے ورنہ

آپ کے ہاتھ بھی اس آگ میں جل جائیں گے

اور دو چار قدم کیجئے تکلیف خرام

سر اٹھاتے ہوئے فتنے بھی کچل جائیں گے

یہ جو بد مست مے عیش و طرب ہیں موسیٰؔ

ٹھوکریں کھا کے زمانے کی سنبھل جائیں گے

اے محبت دیکھ توہین شکیبائی نہ ہو (غزل)

اے محبت دیکھ توہین شکیبائی نہ ہو

میرا کچھ بھی حشر ہو بس ان کی رسوائی نہ ہو

ہم سے پوچھو جلوۂ بے رنگ کی رنگینیاں

خاک دیکھیں گی وہ آنکھیں جن میں بینائی نہ ہو

کس نے دستک دی یہ دروازہ پہ جا کر دیکھنا

مژدہ فصل بہاراں صبح نو لائی نہ ہو

ہم نشیں پروردۂ درد و الم ہے میری ذات

کون سی وہ موج ہے جو مجھ سے ٹکرائی نہ ہو

زندگی جیسا نہ ہوگا کوئی بیگانہ مزاج

ایک مدت ساتھ رہ کر بھی شناسائی نہ ہو

تازگی سی ہے ہواؤں میں فضا میں نغمگی

ہم قفس صحن گلستاں میں بہار آئی نہ ہو

تیرا موسیٰؔ ایک عاصی تو ہے رحمان و رحیم

یا الٰہی حشر کے دن اس کی رسوائی نہ ہو

مزید غزلیں از Mohammad Moosa ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں