محمد خاں ساجد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اے وقت تیری آنکھ کا کاجل رہے ہیں ہم (غزل)
اے وقت تیری آنکھ کا کاجل رہے ہیں ہم
ہر ایک مسئلے کا ترے حل رہے ہیں ہم
منزل کی جستجو کا یہ عالم تو دیکھیے
صحرا ہے تیز دھوپ ہے اور چل رہے ہیں ہم
ہاتھوں میں آج وقت نے کشکول دے دیا
نازاں ہیں ہم یہ سوچ کے کیا کل رہے ہیں ہم
اشکوں نے اور آتش فرقت کو دی ہوا
برسات ہو رہی ہے مگر جل رہے ہیں ہم
انجان بن کے آج جو گزرا قریب سے
برسوں اسی کے عشق میں پاگل رہے ہیں ہم
ہر دور کو لہو کا دیا ہم نے ہی خراج
اس دور میں بھی زینت مقتل رہے ہیں ہم
حق گو ہیں حق شناس ہیں اور حق پرست بھی
ساجدؔ اسی وجہ سے بہت کھل رہے ہیں ہم
بے چارگی کے نام کبھی بے بسی کے نام (غزل)
بے چارگی کے نام کبھی بے بسی کے نام
الزام سب ہی آئے مری خامشی کے نام
ہر اک قدم پہ کھائے ہیں میں نے کئی فریب
کچھ سادگی کے نام تو کچھ دوستی کے ساتھ
کیا زندگی تھی کرب کے لمحات کے سوا
کچھ روشنی کے نام تھے کچھ تیرگی کے نام
کاغذ میں جذب ہو گئے پلکوں سے گر کے جو
وہ اشک بھیجتا ہوں تری بے رخی کے نام
ساجدؔ رہ وفا میں ملی مجھ کو تلخیاں
دل کی لگی کے نام کبھی دل لگی کے نام