پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محمد جاوید انور کی غزلیں — Mohammad Javed Anwar Ghazals

محمد جاوید انور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تیرے جانے کا کوئی غم تو نہیں (غزل)

تیرے جانے کا کوئی غم تو نہیں

خوبرو اس جہاں میں کم تو نہیں

اک ترے واسطے سبھی چھوڑیں

اور ہوگا وہ کوئی ہم تو نہیں

اور مل جائیں گے یہ جام و سبو

جام تیرا بھی جام جم تو نہیں

جو مباحث میں قول فیصل ہو

تیری باتوں میں ایسا دم تو نہیں

کچھ تو ہوگا ملال کھونے کا

دیکھ تیری بھی آنکھ نم تو نہیں

بہت ہی خاص کہنا ہے ہمیں اک عام کے بارے (غزل)

بہت ہی خاص کہنا ہے ہمیں اک عام کے بارے

کریں گے صبح باتیں ایک بیتی شام کے بارے

فسوں ہے یہ نظر کی حد ہے سارا جھوٹ نکلا ہے

جو تم کہتے رہے تھے چرخ نیلی فام کے بارے

مجھے بھی ساتھ لے لینا اگر ہو اس طرف جانا

مری بھی رائے لے لینا جفا کے کام کے بارے

ہمیں سکھلا سکیں گے زندگی کے گر زمانے کو

سبھی آغاز سیکھے ہیں کسی انجام کے بارے

تمہیں بس ہم سے الفت ہے یہ دعویٰ مان لیں لیکن

تمہیں ہم کیا بتائیں اپنے ہر ہنگام کے بارے

گریباں چاک نکلے گا نئی رت میں یہی پہلے

سنو مژدہ تم اپنے لالۂ گلفام کے بارے

اگر اس کا تعلق ہے فقط مجھ سے تو اے قاصد

وہ کیوں تحقیق کرتا ہے تمہارے نام کے بارے

مزید غزلیں از محمد جاوید انور ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں