Mohammad Haneef Shabab کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آدھی رات میں تنہا چاند (غزل)
آدھی رات میں تنہا چاند
تو بھی میرے جیسا چاند
قربت چاہی سورج کی
اور گہن میں آیا چاند
پھر آنکھوں میں خواب اترے
پھر بادل سے جھانکا چاند
اس کی ہجرت یاد آئی
جب آنگن سے گزرا چاند
روشن مسکانیں بانٹے
آنسوؤں میں بھیگا چاند
ہجر کی بھیگی راتوں میں
جیسے اس کا چہرہ چاند
دور سے مجھ کو للچائے
جیسے میرا منا چاند
جانے کسے ڈھونڈے ہے
اپنی دھن کا پکا چاند
آ جا دل میں قید کروں
آ جا آ جا آ جا چاند
گزرے ہوئے موسم کو ذرا یاد کریں کیا (غزل)
گزرے ہوئے موسم کو ذرا یاد کریں کیا
پھر سے دل برباد کو برباد کریں کیا
پر نوچ کے صیاد نے پوچھا ہے یہ مجھ سے
اے جان بہاراں تجھے آزاد کریں کیا
خود ہم ہی نہ تھے حاشیہ بردار تو یارو
فرعون یا ہامان یا شداد کریں کیا
شہروں سے تو اکتا گئی آوارہ مزاجی
اب جا کے خرابوں ہی کو آباد کریں کیا
خدائے برتر (نظم)
خدائے برتر
عظیم خالق
صبا کو رفتار دینے والے
نفی کو اثبات دینے والے
تو میرے جذبوں کو چاندنی دے
شکستہ حرفوں کو روشنی دے
کبیدہ لمحوں کو تازگی دے
بریدہ لفظوں کو زندگی دے
میں سوچتا ہوں
شجر کہ جس کا نہیں ہو سایہ
نہ جس سے پھل کا بھی آسرا ہو
تو میرے زخموں کی لاج رکھ لے
قلم کے پھولوں کا تاج رکھ لے
میں چاہتا ہوں اے میرے مولا
مجھے تو لے اور میرے بدلے
ترے جہاں کو ایک سچا آدمی دے
بس یہ کمی تو پوری کر دے