Mohammad Abdul Qadir Adeeb کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خدا کی قسم جب ملاقات ہوگی (غزل)
خدا کی قسم جب ملاقات ہوگی
جمال تبسم کی برسات ہوگی
قدم سے قدم جب ملا کر چلیں گے
زمانے کی ہم پر مدارات ہوگی
حسیں گیسوؤں کا جو سایہ ملے گا
نہ تو صبح ہوگی نہ ہی رات ہوگی
زباں کا جو پابند ہوتا نہیں ہے
زمانے میں کیا اس کی اوقات ہوگی
نشیمن پہ بجلی گرا کر تو دیکھو
نئی زندگی کی شروعات ہوگی
جہاں خون ہو جائے گا حسرتوں کا
نہ ڈولی اٹھے گی نہ بارات ہوگی
ندامت کا احساس جاگے گا جس دم
تو دل میں نہ کوئی خرافات ہوگی
کبھی ہم سے کھل کر ملا کیجئے گا
یہی تو محبت کی سوغات ہوگی
ادیبؔ ان کی خاموشیوں پر نہ جاؤ
کوئی راز ہوگا کوئی بات ہوگی
اداس اداس ہے باد سحر نہیں معلوم (غزل)
اداس اداس ہے باد سحر نہیں معلوم
کہاں کہاں سے ہوا ہے گزر نہیں معلوم
نہ رکھ سکا سر محفل وہ آبرو کا بھرم
کہ پاسداریٔ عرض ہنر نہیں معلوم
چلا تھا دل میں لیے اک نوائے شوق مگر
کدھر سفر ہے کدھر ہم سفر نہیں معلوم
مچی ہے دھوم مرے شہر سے نکلنے کی
کہاں سے نشر ہوئی یہ خبر نہیں معلوم
ہجوم غم نے سنوارا ہے شب کی دلہن کو
کہ کس طرح سے ہوئی شب بسر نہیں معلوم
جہاں جہاں وہ ملے آنکھ ان کی بھر آئی
یہ کیوں ادھر بھی ہوا ہے اثر نہیں معلوم
ہوا جو زلف گرہ گیر کا اسیر ادیبؔ
کہاں ہے شام کہاں ہے سحر نہیں معلوم
لفظ (نظم)
لفظ
جو آواز دل کی
اک کھلی تصویر ہے
معنی
اس کی روح کا
اک رنگ ہے اک نور ہے
باہمی
گر ربط ہو تو
روشنی ہو چار سو
ایسے ہی
الفاظ و معنی کی ہے مجھ کو
جستجو