پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محمد عبدالکبیر حنفی کی غزلیں — Mohammad Abdul Kabeer Hanfi Ghazals

محمد عبدالکبیر حنفی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حق پسند حق آشنا ہو جائیے (غزل)

حق پسند حق آشنا ہو جائیے

آپ اپنا آئنہ ہو جائیے

شرط ان کی آؤ موسیٰ کی طرح

اپنی ضد جلوہ نما ہو جائیے

اور کب تک ظلمتوں کا تذکرہ

روشنی کا سلسلہ ہو جائیے

رہزنی میں پردہ داری شرط ہے

ایسا کیجے رہنما ہو جائیے

خاک ہونا ہی مقدر ہے تو پھر

خاک پائے مصطفیٰ ہو جائیے

الجھنوں کا شکار ہیں ہم لوگ (غزل)

الجھنوں کا شکار ہیں ہم لوگ

یعنی غفلت شعار ہیں ہم لوگ

کرکے سوراخ بادبانوں میں

کشتیوں پر سوار ہیں ہم لوگ

کم تھے پھر بھی شمار ہوتے تھے

اب فقط بے شمار ہیں ہم لوگ

کوئی ہم پر کرے حکومت کیوں

اخروی تاجدار ہیں ہم لوگ

کوئی ہم کو مٹا نہ پائے گا

ابن حق کا شعار ہیں ہم لوگ

مزید غزلیں از محمد عبدالکبیر حنفی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں