پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محمد عباس سفیر کی غزلیں — Mohammad Abbas Safiir Ghazals

محمد عباس سفیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نہ ہو مرضی خدا کی تو کسی سے کچھ نہیں ہوتا (غزل)

نہ ہو مرضی خدا کی تو کسی سے کچھ نہیں ہوتا

جو چاہے آدمی تو آدمی سے کچھ نہیں ہوتا

کہاں کے دوست کیسے اقربا جب وقت پڑتا ہے

مصیبت میں کسی کی دوستی سے کچھ نہیں ہوتا

عمل کی زندگانی در حقیقت زندگانی ہے

جئے جاؤ تو خالی زندگی سے کچھ نہیں ہوتا

اجل آئے گی جاں جائے گی اک ساعت معین پر

عزیز و اقربا کی پیروی سے کچھ نہیں ہوتا

ادب کے قدرداں بزم ادب سے اٹھتے جاتے ہیں

لو رکھو شاعری اب شاعری سے کچھ نہیں ہوتا

مری حالت یہ کچھ مخصوص دل بے چین ہیں لیکن

یہ مشکل ہے کسی کی بیکلی سے کچھ نہیں ہوتا

سفیرؔ اس زندگی میں وقت بھی تیور بدلتا ہے

نہ گھبراؤ کسی کی دشمنی سے کچھ نہیں ہوتا

الفت ہو تو الفت کے سہارے بھی بہت ہیں (غزل)

الفت ہو تو الفت کے سہارے بھی بہت ہیں

آنکھوں میں محبت کے اشارے بھی بہت ہیں

ہمت ہے تو مایوس نہ ہو ڈوبنے والے

طوفان ہیں موجوں کے سہارے بھی بہت ہیں

اے جلوۂ رنگیں کے ضیا دیکھنے والو

ہوں آنکھ اگر ان کے نظارے بھی بہت ہیں

اپنوں نے تو معیار وفا ہی نہ بتایا

اس راہ میں احسان تمہارے بھی بہت ہیں

جی بھر کے ذرا دیکھ تو لوں دور سے گل رنگ

ساقی مجھے اتنے ہی سہارے بھی بہت ہیں

اس بزم کی رنگینیاں ہیں دید کے قابل

اک چاند اگر ہے تو ستارے بھی بہت ہیں

ہے کون سفیرؔ ایسا جو بن جائے سہارا

دل توڑنے والے تو ہمارے بھی بہت ہیں

مزید غزلیں از محمد عباس سفیر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں