پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محمد اعظم کی غزلیں — Mohammad Aazam Ghazals

محمد اعظم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اس سے مل کر بھی خلش دل میں رہا کرتی ہے (غزل)

اس سے مل کر بھی خلش دل میں رہا کرتی ہے

وصل کو ہجر سے کیا چیز جدا کرتی ہے

وہ نہ مانے گا پہ ہر شب کوئی موہوم سی آس

اک دیا بن کے در دل پہ جلا کرتی ہے

اوج اوسان پہ چڑھ چڑھ کے محبت کی شراب

جب اترتی ہے تو کچھ اور نشہ کرتی ہے

تجھ میں کیا بات ہے اے دل کہ وفا کیش یہ عقل

میری باندی ہے مگر کام ترا کرتی ہے

ناگہاں پنجۂ قاتل سے میں کیا چھوٹ گیا

اس کی حسرت مرے جینے کی دعا کرتی ہے

آسمانوں میں اڑا کرتے ہیں پھولے پھولے

ہلکے لوگوں کے بڑے کام ہوا کرتی ہے

آنکھوں میں اس کی میں نے آخر ملال دیکھا (غزل)

آنکھوں میں اس کی میں نے آخر ملال دیکھا

کن کن بلندیوں پر اپنا زوال دیکھا

ساز فلک نے چھیڑا معنی کا راگ جس دم

فرش زمیں پہ رقصاں پائے خیال دیکھا

وہ کودتے اچھلتے رنگین پیرہن تھے

معصوم قہقہوں میں اڑتا گلال دیکھا

یہ کون ہے جو مجھ میں مجھ سے الجھ رہا ہے

سو بار میں نے خود کو خود سے نکال دیکھا

کیا جانے کون ہیں وہ جن کے لئے جدا ہیں

میں نے تو ایک صورت ہجر و وصال دیکھا

کچھ زخم کاوشوں کے کچھ حسرتوں کے لاشے

باہر سے کچھ زیادہ اندر قتال دیکھا

ناکام حسرتوں کی روداد مختصر ہے

بھائے وہ کام جی کو جن کو محال دیکھ

اے دل خبیث اب تو کس کس پہ جان دے گا

میں نے تو ہر قدم پر اک بے مثال دیکھا

تاریخ ہے کہ خود کو دہرائے جا رہی ہے

باسی کڑھی میں ہم نے یوں بھی ابال دیکھا

دل سے اتر گئیں اب پاس وفا کی باتیں

میں نے بھی ایک مدت تک یہ روگ پال دیکھا

بس تھا کہ اس سے پوچھوں یہ خوش گمانیاں کیوں

اتنے میں اس کے منہ پر اپنا سوال دیکھا

کچھ صاف اس کا چہرہ مطلب نہیں بتاتا

یوں تھا کہ جیسے میں نے قرآں میں فال دیکھا

مجھ کو غرض نہیں کچھ کیسا ہے اور کیا ہے

جو بھی خیال آیا شعروں میں ڈھال دیکھا

میں اس سے نفرت کرتا ہوں (نظم)

میں اس سے نفرت کرتا ہوں

کیونکہ وہ مجھ سے

ویسی محبت نہیں کرتا

جیسی محبت میں اس سے کرتا ہوں

وہ مجھ سے محبت کرتا ہے

کیونکہ میں اس سے

ویسی نفرت نہیں کرتا

جیسی نفرت وہ مجھ سے کرتا ہے

مزید غزلیں از محمد اعظم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں