پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Miyan Dad Khan Sayyah کی غزلیں — Miyan Dad Khan Sayyah Ghazals

Miyan Dad Khan Sayyah کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

قیس جنگل میں اکیلا ہے مجھے جانے دو (غزل)

قیس جنگل میں اکیلا ہے مجھے جانے دو

خوب گزرے گی جو مل بیٹھیں گے دیوانے دو

لال ڈورے تری آنکھوں میں جو دیکھے تو کھلا

مئے گل رنگ سے لبریز ہیں پیمانے دو

ٹھہرو تیوری کو چڑھائے ہوئے جاتے ہو کدھر

دل کا صدقہ تو ابھی سر سے اتر جانے دو

منع کیوں کرتے ہو عشق بت شیریں لب سے

کیا مزے کا ہے یہ غم دوستو غم کھانے دو

ہم بھی منزل پہ پہنچ جائیں گے مرتے کھپتے

قافلہ یاروں کا جاتا ہے اگر جانے دو

شمع و پروانہ نہ محفل میں ہوں باہم زنہار

شمع رو نے مجھے بھیجے ہیں یہ پروانے دو

ایک عالم نظر آئے گا گرفتار تمہیں

اپنے گیسوئے رسا تا بہ کمر جانے دو

سخت جانی سے میں عاری ہوں نہایت اے تلخؔ

پڑ گئے ہیں تری شمشیر میں دندانے دو

حشر میں پیش خدا فیصلہ اس کا ہوگا

زندگی میں مجھے اس گبر کو ترسانے دو

گر محبت ہے تو وہ مجھ سے پھرے گا نہ کبھی

غم نہیں ہے مجھے غماز کو بھڑکانے دو

جوش بارش ہے ابھی تھمتے ہو کیا اے اشکو

دامن کوہ و بیاباں کو تو بھر جانے دو

واعظوں کو نہ کرے منع نصیحت سے کوئی

میں نہ سمجھوں گا کسی طرح سے سمجھانے دو

رنج دیتا ہے جو وہ پاس نہ جاؤ سیاحؔ

مانو کہنے کو مرے دور کرو جانے دو

ہے دل کو اس طرح سے مرے یار کی تلاش (غزل)

ہے دل کو اس طرح سے مرے یار کی تلاش

جس طرح تھی کلیم کو دیدار کی تلاش

ہوں رند سر کھلا بھی جو ہووے تو ڈر نہیں

زاہد نہیں کہ مجھ کو ہو دستار کی تلاش

میں ہوں کہیں پہ آٹھوں پہر ہے اسی کی فکر

جاتی نہیں ہے دل سے مرے یار کی تلاش

دل ہاتھوں ہاتھ بک گیا بازار عشق میں

کرنی پڑی نہ مجھ کو خریدار کی تلاش

اپنے ہی دل میں ڈھونڈھنا لازم تھا یار کو

اتنے دنوں جو کی بھی تو بے کار کی تلاش

بیعانہ نقد جاں کرو سیاحؔ پیش کش

رہتی ہے ان کو ایسے خریدار کی تلاش

مزید غزلیں از Miyan Dad Khan Sayyah ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں