Mirza Shariq Laharpuri کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
قتل امیر شہر کا لاڈلا بیٹا کر گیا (غزل)
قتل امیر شہر کا لاڈلا بیٹا کر گیا
جرم مگر غریب کے لخت جگر کے سر گیا
صبح سے شام ہو گئی وقت کی دھوپ چھاؤں میں
لمحہ بہ لمحہ عمر کا سارا سفر گزر گیا
کیسا وہ ہوگا سنگ غم سہم کے جس کے خوف سے
آئنا چھٹ کے فرش پر چاروں طرف بکھر گیا
لاکھ غریب ہوں مگر پھر بھی ہوں ایک آدمی
کیسے مرے ضمیر کا آج وہ مول کر گیا
امن و سکوں کے گاؤں میں مست مگن تھا میں مگر
کون مری حیات کو خانہ بدوش کر گیا
آپ کی قدر و منزلت دیکھ شب عروج میں
وقت بھی احترام میں چل نہ سکا ٹھہر گیا
میری ردا کی فکر کیا تن کی قبا کی فکر کیا
آج تمہارے شہر سے شارقؔ دیدہ ور گیا
غم بھی مرا عجیب ہے میری خوشی عجیب (غزل)
غم بھی مرا عجیب ہے میری خوشی عجیب
بخشی ہے رب حق نے مجھے زندگی عجیب
پھولوں کا جسم جھلسے ہے کانٹوں پہ تازگی
اس آفتاب عصر کی ہے روشنی عجیب
رہتے ہیں ساتھ ساتھ مگر بے توجہ سے
لگتی ہے مجھ کو آپ کی پہلو تہی عجیب
مجبور عشق ہوں میں نہیں تو اے میرے دل
کل ان سے گفتگو تو ہوئی واقعی عجیب
وہ کون حسن ناز ہے جس کے وسیلے سے
تاریکیوں میں پھیل گئی چاندنی عجیب
ہیں مصلحت کے دور کی نیرنگیاں تمام
ہے چارہ گر عجیب نہ چارہ گری عجیب
دشمن بھی دشمنی سے گریزاں ہوا ہے آج
شارقؔ تمہارے دوست کی ہے دوستی عجیب