پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مرزا نصیر خالد کی غزلیں — Mirza Naseer Khalid Ghazals

مرزا نصیر خالد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جس جواں کے سینے میں زلزلے نہیں ہوتے (غزل)

جس جواں کے سینے میں زلزلے نہیں ہوتے

اس جواں کے لہجے میں دبدبے نہیں ہوتے

اک ذرا کرو ہمت دنیا بھر کے مظلومو

ظالموں میں دیکھا ہے حوصلے نہیں ہوتے

جنگ لڑنا پڑتی ہے اپنے زور بازو پر

زندگی کے میداں میں معجزے نہیں ہوتے

اپنی اپنی محنت کا پھل سبھی کو ملتا ہے

آسماں سے قسمت کے فیصلے نہیں ہوتے

جتنے چاہیں دولت کے ڈھیر بھی لگا لیں وہ

بے ضمیر لوگوں کے مرتبے نہیں ہوتے

یا وہ پکڑے جاتے ہیں جو کہ کچھ نہیں کرتے

یا وہ جن کے اوپر تک رابطے نہیں ہوتے

جو درخت خالی ہوں پھول اور پتوں سے

ان پہ پنچھیوں کے بھی گھونسلے نہیں ہوتے

بہہ رہا ہے اتنا خوں شہر میں کہ لگتا ہے

جنگلوں میں اب شاید بھیڑیے نہیں ہوتے

جو الفت کی بنا پر جھونپڑی ہے (غزل)

جو الفت کی بنا پر جھونپڑی ہے

حقیقت میں وہ محلوں سے بڑی ہے

تجھے کیا تو تو ہے اک جلتا سورج

مجھے تو اپنی آنکھوں کی پڑی ہے

ہزاروں رنگ سے ہے جلوہ فرما

محبت زندگی ہے پھلجھڑی ہے

قدم بوسی کو برکھا رت کی مالن

مرے در پر لیے گجرے کھڑی ہے

ہمارے رہبروں کا اصل چہرہ

عجائب گھر میں رکھی کھوپڑی ہے

بنایا دین کو ہے جب سے مذہب

سبھی کو صرف بخشش کی پڑی ہے

کسی کے روبرو رہنا بھی خالدؔ

نہایت آزمائش کی گھڑی ہے

مزید غزلیں از مرزا نصیر خالد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں