Mirza Mohammad Taqi Hawas کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہنستے تھے میرے حال کو جو یار دیکھ کر (غزل)
ہنستے تھے میرے حال کو جو یار دیکھ کر
ان سب نے رو دیا مجھے بیمار دیکھ کر
سب ہم صفیر چھوڑ کے تنہا چلے گئے
کنج قفس میں مجھ کو گرفتار دیکھ کر
کیا جانے کیا غضب ہے یہ جادو بھری نگاہ
غش کر گیا ہوں میں جسے یک بار دیکھ کر
خون جگر کے ساتھ کہیں جی چلا نہ جائے
رونا ذرا تو دیدۂ خوں بار دیکھ کر
اپنے ہوسؔ پہ جب سے کہ تو مہرباں ہوا
جلتے ہیں رات دن اسے اغیار دیکھ کر
کیا دن تھے جب چھپ چھپ کر تم پاس ہمارے آتے تھے (غزل)
کیا دن تھے جب چھپ چھپ کر تم پاس ہمارے آتے تھے
کانپتے تھے بدنامی کے ڈر سے آنسو پی پی جاتے تھے
ہائے جوانی کیا موسم تھا اب وہ دن یاد آتے ہیں
روٹھتے تھے ہم ہر دم ان پہ اور وہ آ کے مناتے تھے
ہائے غضب ہے مجھ وحشی کو اس موسم میں قید کیا
سن جب شور فصل بہاراں مرغ قفس گھبراتے تھے
ذکر کیا میں آپ کا کس سے کس کے آگے نام لیا
دشمن تھے وہ لوگ مرے جو آپ کے تئیں بہکاتے تھے
ہائے وہ پہلے چاہ کا عالم کس سے میں اظہار کروں
میں تو حجاب سے آپ خجل تھا وہ مجھ سے شرماتے تھے
اس سے ہوسؔ ملنا مشکل تھا پر وہ ہم سے دور نہ تھے
ان کی ہی تصویر سے ہر دم اپنا جی بہلاتے تھے