پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مرزا علی لطف کی غزلیں — Mirza Ali Lutf Ghazals

مرزا علی لطف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تم ہو بزم عیش ہے واں اور صحبت داریاں (غزل)

تم ہو بزم عیش ہے واں اور صحبت داریاں

ہم ہیں کنج غم ہے یاں اور جان سے بیزاریاں

تم کو سیر‌ باغ و گلگشت چمن کا واں ہے شوق

یاں بدن پر ہیں ہجوم‌ داغ سے گل کاریاں

دھیان ہے آرائش زلف پریشاں کا تمہیں

یاد ہیں حال پریشاں کی مری کچھ خواریاں

تم صفائے ساعد و‌ بازو دکھاتے ہو وہاں

ہم پہ یاں موئے بدن کرتے ہیں نشتر داریاں

تم نے دکھلائی وہاں پیٹھ اور چوٹی کی پھبن

یاں مری چھاتی پہ ہیں کالے نے لہریں ماریاں

نیک و بد دونوں سے یاں ہم نے تو آنکھیں موند لیں

تم وہاں چتون کی دکھلاتے ہو جادو کاریاں

یاں برنگ پیکر تصویر ہم خاموش ہیں

گفتگو کی تم دکھاتے ہو وہاں طراریاں

قہقہے تم مارتے ہو واں بآواز بلند

دشمنوں سے یاں چھپا کر ہم ہیں کرتے زاریاں

ہر مریض غم کی جاں بخشی کا ہے واں تم کو دھیان

کھنچ گئیں یاں طول شدت سے مری بیماریاں

اضطراب دل سے بے پردہ ہوا یاں راز عشق

سوجھتی ہیں واں تمہیں ہر بات میں تہداریاں

کیا کسی سے بات کیجے بھولتے اک دم نہیں

ان بھلاؤں سے وہ باتوں میں تری عیاریاں

چھین کر باتوں میں دل کو لطفؔ سے وہ بت بنے

یاد رکھنا غیر کی کرنا وہاں دال داریاں

شمع نازاں ہے فقط سر سے بھڑک جانے میں آگ (غزل)

شمع نازاں ہے فقط سر سے بھڑک جانے میں آگ

پھونک دے سارا جہاں ہے گی وہ پروانے میں آگ

شعلۂ شمع حرم حسن بتاں سے ہے خجل

مجھ کو خطرہ ہے کہ لگ جائے نہ بت خانے میں آگ

دیکھنا گرمی کی خوبی میری باری جب آئے

جائے مے ساقی نے بھر دی مرے پیمانے میں آگ

شیخ کی سمرن شماری میں کوئی گرمی نہیں

چشم بینا ہو تو ظاہر ہے ہر اک دانے میں آگ

آتشیں نالے وہ مجنوں کے مجھے آتے ہیں یاد

دیکھتا ہوں جو کہیں دہکے ہے ویرانے میں آگ

بے دماغی ہے بجا اس کے فسانے سے میری

خواب کیا لاوے وہ پنہاں ہو جس افسانے میں آگ

کب ہنسا تھا میں بھلا جلنے پہ پروانے کے لطفؔ

دفعتاً پھونکی میری جائے گی جو کاشانے میں آگ

مزید غزلیں از مرزا علی لطف ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں