پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

معراج نقوی کی غزلیں — Meraj Naqvi Ghazals

معراج نقوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تیری یادوں کے حسیں پل کے سوا کچھ بھی نہیں (غزل)

تیری یادوں کے حسیں پل کے سوا کچھ بھی نہیں

میرے کشکول میں اس کل کے سوا کچھ بھی نہیں

میں ہی پاگل تھا وفا ڈھونڈ رہا تھا ان میں

تیری آنکھوں میں تو کاجل کے سوا کچھ بھی نہیں

کتنے ہی خواب مسرت کا نگر تھیں پہلے

اب تو آنکھیں مری بادل کے سوا کچھ بھی نہیں

بن کے سقراط جیو تجربہ اپنا ہے یہی

زندگی زہر ہلاہل کے سوا کچھ بھی نہیں

بڑھتی جاتی ہیں مری وحشتیں ہر دن معراجؔ

ایسا لگتا ہے میں پاگل کے سوا کچھ بھی نہیں

یہ بچھڑنا تو مری جان بچھڑنا نہ ہوا (غزل)

یہ بچھڑنا تو مری جان بچھڑنا نہ ہوا

مل کے روئے بھی نہیں حشر بھی برپا نہ ہوا

ایک وحشت سی رہی تجھ سے بچھڑ کر دل میں

لب ساکت سے مگر کوئی بھی شکوہ نہ ہوا

تجھ کو پا کر بھی مکمل نہیں ہو پایا کبھی

اور میں تجھ سے بچھڑ کے بھی ادھورا نہ ہوا

وحشت عشق نے مصروف رکھا تجھ میں سدا

اور تجھ کو کبھی مجھ پر ہی بھروسہ نہ ہوا

جائیے ہم بھی یہ تسلیم کئے لیتے ہیں

ہم نے دیکھا تھا کوئی خواب جو پورا نہ ہوا

اور زندگی کو کتاب (نظم)

اور زندگی کو کتاب

سمجھ لینے والے

مجھ جیسے پاگل انسان کو

ایک دن تو دیمک کی خوراک ہونا ہی تھا

مزید غزلیں از معراج نقوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں