Mehr Faam کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
حلقۂ چشم مرا سوچ کے نم ہوتا ہے (غزل)
حلقۂ چشم مرا سوچ کے نم ہوتا ہے
جانے اب کس پہ ترا دست کرم ہوتا ہے
پھول دیتے ہوئے لوگوں کو بتائے کوئی
یہ خسارے کی طرف پہلا قدم ہوتا ہے
اور وہ کتنا نوازے تجھے پربت زادی
مجھ سا دریا بھی تری آنکھ میں ضم ہوتا ہے
ہونٹ ہونٹوں سے لگے رہنے دے اے میرے طبیب
زخم چاہے نہ بھرے درد تو کم ہوتا ہے
جنگ کی بات اسے زیب نہیں دیتی ہے
مہرؔ جس شخص کے ہاتھوں میں قلم ہوتا ہے
یاد آتی ہے وہ بھولی ہوئی خاتون کبھی (غزل)
یاد آتی ہے وہ بھولی ہوئی خاتون کبھی
بے خیالی میں جو بجتا ہے مرا فون کبھی
میں تجھے لمس پہ رائے نہیں دے سکتا ہوں
میں نے دیکھا ہی نہیں اوڑھ کے یہ اون کبھی
اور یہ کہہ کے میں بھائی کے گلے لگ گیا تھا
جنگ کرتا ہے بھلا خون سے بھی خون کبھی
تم نے کاٹے ہیں کبھی وصل میں کیا ہجر کے دن
تم نے محسوس کیا جنوری میں جون کبھی
میں محبت میں بدن چھو کے نہیں دیکھتا مہرؔ
حسن ہوتا نہیں اس پر مرا ممنون کبھی