میر حسن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دل بر سے ہم اپنے جب ملیں گے (غزل)
دل بر سے ہم اپنے جب ملیں گے
اس گم شدہ دل سے تب ملیں گے
یہ کس کو خبر ہے اب کے بچھڑے
کیا جانیے اس سے کب ملیں گے
جان و دل و ہوش و صبر و طاقت
اک ملنے سے اس کے سب ملیں گے
دنیا ہے سنبھل کے دل لگانا
یاں لوگ عجب عجب ملیں گے
ظاہر میں تو ڈھب نہیں ہے کوئی
ہم یار سے کس سبب ملیں گے
ہوگا کبھی وہ بھی دور جو ہم
دل دار سے روز و شب ملیں گے
آرام حسنؔ تبھی تو ہوگا
اس لب سے جب اپنے لب ملیں گے
ہم نہ نکہت ہیں نہ گل ہیں جو مہکتے جاویں (غزل)
ہم نہ نکہت ہیں نہ گل ہیں جو مہکتے جاویں
آگ کی طرح جدھر جاویں دہکتے جاویں
اے خوشا مست کہ تابوت کے آگے جس کے
آب پاشی کے بدل مے کو چھڑکتے جاویں
جو کوئی آوے ہے نزدیک ہی بیٹھے ہے ترے
ہم کہاں تک ترے پہلو سے سرکتے جاویں
غیر کو راہ ہو گھر میں ترے سبحان اللہ
اور ہم دور سے در کو ترے تکتے جاویں
وقت اب وہ ہے کہ اک ایک حسنؔ ہو کے بتنگ
صبر و تاب و خرد و ہوش کھسکتے جاویں