پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مناکشی جی جی ویشا کی غزلیں — Meenakshi Jijivisha Ghazals

مناکشی جی جی ویشا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ بے وفا ہے ہمیں یہ ملال تھوڑی ہے (غزل)

وہ بے وفا ہے ہمیں یہ ملال تھوڑی ہے

ہمیں بھی رات دن اس کا خیال تھوڑی ہے

ابھی ہے قید میں بے شک جہاں کی رسموں کے

ابھی سزاؤں سے ناری بحال تھوڑی ہے

غلام اپنا بنا لیں جو خواہشات کو ہم

بسر غریبی میں کرنا محال تھوڑی ہے

ہماری آنکھ میں شرم و حیا کا ہے پردہ

نظر ملائے کوئی یہ مجال تھوڑی ہے

وفا کرو گے تو ہم سے وفا ہی پاؤ گے

تمہارے ساتھ انا کا سوال تھوڑی ہے

ذرا یقین کا چشمہ لگا کے دیکھو تو

ابھی وفاؤں کا اتنا اکال تھوڑی ہے

یہ کیسی چاروں طرف چاندنی بکھرتی ہے

کوئی حسین ہے چھت پر ہلال تھوڑی ہے

یہ بات آج مجھے آئنے نے سمجھائی

تمہارے حسن پہ اتنا زوال تھوڑی ہے

ضرور تم ہو کسی کے چڑھائے میں ورنہ

تمہارے خون میں اتنا ابال تھوڑی ہے

ہمارا دل تو ہے شفاف آئنے کی طرح

اس آئنے میں بھلا کوئی بال تھوڑی ہے

آرزو اور خواب لے جاؤ (غزل)

آرزو اور خواب لے جاؤ

ہر امانت جناب لے جاؤ

ہجر ہم سے سہا نہ جائے گا

ساتھ اپنے عذاب لے جاؤ

کام آئیں گی تجربے کے لیے

زندگی کی کتاب لے جاؤ

آپ سے جو بھی خار کھاتے ہیں

ان کی خاطر گلاب لے جاؤ

ہر اندھیرے میں کام آئے گا

علم کا آفتاب لے جاؤ

آپ کو دے رہے ہیں دل اپنا

اچھا ہے یا خراب لے جاؤ

ایک درویش کی ہے یہ کٹیا

تم مزاج نواب لے جاؤ

سب کے ہونٹوں پہ قفل لگ جائے

کوئی ایسا جواب لے جاؤ

لوگ چہروں پہ چہرہ رکھتے ہیں

تم بھی کوئی نقاب لے جاؤ

یہ ادب کی دکان ہے صاحب

جو بھی چاہو خطاب لے جاؤ

جس جگہ ہو اکال سوکھے سے

اس جگہ جل سحاب لے جاؤ

دل جگر جان سب تمہارے ہیں

جب بھی چاہو جناب لے جاؤ

عشق کی یہ کتاب لے جاؤ

اس کا ہر ایک باب لے جاؤ

کیسے کاٹو گے دن جدائی کے

ساتھ یاد رباب لے جاؤ

یاد کے زخم کا ہے یہ مرہم

تم وطن کی تراب لے جاؤ

خوش رکھے آپ کو خدا ہر پل

مفلسی کا ثواب لے جاؤ

کیسے کاٹے ہیں دن جدائی کے

ہر نفس کا حساب لے جاؤ

ننھے منوں کو کھیلنے بھی دو

بوجھ ہے یہ نصاب لے جاؤ

ہر غلط بات بھی سہا نہ کرو

ہم سے تھوڑا عتاب لے جاؤ

مزید غزلیں از مناکشی جی جی ویشا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں