مظہرالقیوم مظہر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
داستان ہجر کیا ہے خونچکاں تیرے بغیر (غزل)
داستان ہجر کیا ہے خونچکاں تیرے بغیر
ایک پل ہے سو برس اے جان جاں تیرے بغیر
کیا سناؤں حال دل اے محو خواب عز و ناز
ہو چکی ہے زندگی وقف فغاں تیرے بغیر
دیدنی ہے حسن فطرت پر ہمارے واسطے
یہ بہار روح پرور ہے خزاں تیرے بغیر
ہے شمار آمد و رفت نفس کا مشغلہ
بن گئی ہے زندگی اک چیستاں تیرے بغیر
تجھ سے کیا چھوٹے کہ ہم سارے جہاں سے چھٹ گئے
ہو گئے ہیں یوسف بے کارواں تیرے بغیر
یہ شب فرقت تو کاٹے سے بھی کٹنے کو نہیں
رک گئی ہو جیسے یہ عمر رواں تیرے بغیر
خوف لگتا ہے مجھے للہ تو بھی ساتھ چل
مل رہا ہے خاک میں اک نوجواں تیرے بغیر
آ کہ دنیا منتظر ہے کب سے استقبال کو
ہر زباں پر الاماں ہے اے اماں تیرے بغیر
مثل طوطی کل چہکتا تھا وہ بزم ناز میں
آج گم ہے مظہرؔ شیریں زباں تیرے بغیر
پلا دے حقیقت کا اک جام ساقی (غزل)
پلا دے حقیقت کا اک جام ساقی
میں لیتا رہوں گا ترا نام ساقی
ادھر بھی نگاہ کرم ہو خدا را
کہ ہوں آفتاب لب بام ساقی
گھٹا ٹوپ تاریکیاں چار سو ہیں
سحر ہے مرے واسطے شام ساقی
گناہوں کے دریا میں کھاتا ہوں غوطے
نہیں ایک پل مجھ کو آرام ساقی
مجھے اپنی آغوش رحمت میں لے لے
سنا ہے ترا فیض ہے عام ساقی
میں آیا ہوں لے کر ترے میکدے میں
تمنائے درد تہہ جام ساقی
سنا دے زمانے کو تو از سر نو
اخوت کا اسلامی پیغام ساقی
عجب کیا بنا دے تو اس کو نکو نام
یہ سچ ہے کہ مظہرؔ ہے بدنام ساقی