مظہر عباس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بے حسی کی بھیڑ میں وہ کھو گیا (غزل)
بے حسی کی بھیڑ میں وہ کھو گیا
خوف تھا جس کا وہی کل ہو گیا
ہر قدم پر پاؤں کیوں زخمی ہوئے
راہ حق میں کون کانٹے بو گیا
رات بھر تو چاند جاگا میرے ساتھ
پھر سحر کے وقت تھک کر سو گیا
ماں نے بس پانی ابالا رات بھر
روتے روتے اس کا بچہ سو گیا
وہ کہیں کا بھی نہ مظہرؔ ہو سکا
ہاتھ کو مجھ سے چھڑا کر جو گیا
زندگی کی سخت راہوں سے گزر جانے کے بعد (غزل)
زندگی کی سخت راہوں سے گزر جانے کے بعد
چند آنکھیں رو رہی ہیں میرے مر جانے کے بعد
بس یہی تو سوچ کے میں ٹوٹ کر بکھرا نہیں
کیوں سمیٹے گا مجھے کوئی بکھر جانے کے بعد
محو حیرت ہیں ملک جب الجھی زلفیں دیکھ کر
ڈھائے گی اب تو قیامت بن سنور جانے کے بعد
پستیاں تیرا مقدر بن گئی ہیں آج کل
یہ سزا ہے میری نظروں سے اتر جانے کے بعد
جا رہے ہو چھوڑ کر مظہرؔ اسے تو سوچ لو
پھول میں لوٹی ہے کب خوشبو بکھر جانے کے بعد
مزید غزلیں از مظہر عباس ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں