Mauj Fatehgarhi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دل میں بندوں کے بہت خوف خدا تھا پہلے (غزل)
دل میں بندوں کے بہت خوف خدا تھا پہلے
یہ زمانہ کبھی اتنا نہ برا تھا پہلے
رام کے راج کی تصویر تھی اپنی دھرتی
مسلک فکر و عمل انس و وفا تھا پہلے
ایک انسان سے بے وجہ ہو انسان کو بیر
یہ وطیرہ کبھی دیکھا نہ سنا تھا پہلے
ہندو و مسلم و عیسائی و سکھ میل سے تھے
آپسی پریم کا الفت کا مزا تھا پہلے
قومی یکجہتی کا آدرش تھا یہ بھارت ورش
ہم نے پیغام ولا سب کو دیا تھا پہلے
بادشاہ اور گدا سب کے برابر تھے حقوق
نیائے میں کوئی بھی چھوٹا نہ بڑا تھا پہلے
راست گوئی تھی یہاں غیر مقفل تھے مکاں
دیش میں ایسا بھی اک دور رہا تھا پہلے
دیش میں پھر سے محبت ہو رواداری ہو
کاش آ جائے زمانہ جو رہا تھا پہلے
موجزن رہتا تھا طوفان اخوت اے موجؔ
دل میں طوفان محبت کا بسا تھا پہلے
جب ہم حدود دیر و حرم سے گزر گئے (غزل)
جب ہم حدود دیر و حرم سے گزر گئے
ہر سمت ان کا جلوہ عیاں تھا جدھر گئے
اس طرح وہ نگاہ کرم آج کر گئے
دل کو سرور بادۂ الفت سے بھر گئے
وہ ہم کو اپنے دل کے ہی اندر نہاں ملا
جس کی تلاش کرتے ہوئے در بدر گئے
کچھ اہل ظرف دیکھتے ہیں اس کے نور کو
محروم دیدیوں کو بہت دیدہ ور گئے
دل لے گیا ہمیں پھر اسی بے وفا کے پاس
جانا نہیں تھا ہم کو جہاں ہم مگر گئے
وہ آ گئے تو جل اٹھے امید کے چراغ
وہ ہنس دئیے تو بزم میں موتی بکھر گئے
آنکھوں میں اشک غم لئے ہم وقت الوداع
نظروں سے ان کے ساتھ تا حد نظر گئے
دیکھا ہمیں تو گرم نگاہی پگھل گئی
مژگاں کے تیر بھوں کی کماں سے اتر گئے
ان کے مزید وعدوں پہ کیسے یقین ہو
اب تک جو وعدہ کر کے برابر مکر گئے
یہ اور بات پھر گیا پانی امید پر
ہم ان کی بزم میں کسی امید پر گئے
پھر اس کو پرشش غم الفت سے فائدہ
گھٹ گھٹ کے جس کے سینے میں ارمان مر گئے
اے موجؔ میری کشتی الفت وہیں رہی
طوفان میرے چاروں طرف سے گزر گئے
نطق کا اعجاز ہے اردو زباں (نظم)
نطق کا اعجاز ہے اردو زباں
وقت کی آواز ہے اردو زباں
جس میں سر ہیں مختلف بھاشاؤں کے
وہ انوکھا ساز ہے اردو زباں
یہ زباں کے ساتھ ہے تہذیب بھی
قابل صد ناز ہے اردو زباں
مائل پرواز ہے اس کا ادب
منزل پرواز ہے اردو زباں
قومی یکجہتی سے جو پیدا ہوئی
وہ حسیں آغاز ہے اردو زباں
گیتا اور قرآں کی تفسیریں لیے
مذہبوں کا راز ہے اردو زبان
ہندو مسلم سکھ عیسائی کوئی ہو
سب کی ہی دم ساز ہے اردو زباں
اس کا دشمن دشمن امن و اماں
پریم کا انداز ہے اردو زباں
سب زبانوں پر چڑھی ہے موجؔ یہ
اس لیے ممتاز ہے اردو زباں