متین سروش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زندگی کے ساز پر جلتے ہوئے نغمات ہیں (غزل)
زندگی کے ساز پر جلتے ہوئے نغمات ہیں
رقص فرما شعلۂ دل کی طرح ذرات ہیں
ہیں بگولوں کی طرح تار نفس بہکے ہوئے
زندگانی کی جنوں پرور سبھی آیات ہیں
ناز فرما جن کی تابانی پہ تھی عقل بشر
آج وہ خورشید و انجم کتنے کم اوقات ہیں
ہم کہ تھے دل داریٔ موج حوادث پر نثار
شور طوفاں سے عیادت دل نشیں جذبات ہیں
جن کو رکھتی تھی معطر تیری یادوں کی شمیم
تیغ کی جھنکار میں گم وہ حسیں دن رات ہیں
وقت کی محراب میں اک شمع نو روشن کریں
راز دان آرزو ہم وارث آفات ہیں
کون ڈھونڈے گرمیٔ رخسار خوباں اے سروشؔ
آتش پیکار سے شعلہ فگن جذبات ہیں
حسن فروغ شب ہے زخم جگر ہمارا (غزل)
حسن فروغ شب ہے زخم جگر ہمارا
ہر چند منتظر ہے بام سحر ہمارا
احباب کو مبارک یہ شوق تیرگی کا
ہے ذوق روشنی کا زاد سفر ہمارا
کیوں باعث الم ہوں یہ خوں چکاں جبینیں
تھا ابتدا سے دشمن وہ سنگ در ہمارا
کرتے جو ہم کنارا اس دانش و ہنر سے
عشرت گروں میں ہوتا شاید گزر ہمارا
پروردۂ ہوس جو حسن یقیں بھی ہوتا
یہ کربلائے دوراں ہوتا نہ گھر ہمارا
کیا کیا ہے ناز ہم کو اس بخت نارسا پر
صدق و صفا سے رشتہ ہے معتبر ہمارا
دیکھیں سروشؔ وہ بھی اس منظر حسیں کو
جلووں کی آبرو ہے زخم جگر ہمارا