متین عمادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کردار کا اک حسن تھا کردار کے پیچھے (غزل)
کردار کا اک حسن تھا کردار کے پیچھے
سرحد کی ہنسی تھی کسی تلوار کے پیچھے
شاید وہ پرندوں کو غذا بانٹ رہا ہے
مردہ ہے کوئی جسم جو کہسار کے پیچھے
جذبات کا اک کوہ گراں رکھتا ہے دل پر
دہکی ہوئی اک آگ ہے فن کار کے پیچھے
باتوں کی صداقت کو کسی نے نہیں پرکھا
سب دوڑ پڑے سرخیٔ اخبار کے پیچھے
غزلوں میں متینؔ اپنی بڑا لطف ہے پنہاں
ہیں کتنے فسانے مرے اظہار کے پیچھے
چہرہ نہیں تھا میلا قصور آئنے کا تھا (غزل)
چہرہ نہیں تھا میلا قصور آئنے کا تھا
یہ سوچنا بھی اس کا عجب زاویے کا تھا
میں کس طرح نہ اس کے بچھڑنے کا غم کروں
ساتھی وہ میرا برسوں سے ہر راستے کا تھا
دروازہ میرا کھول کے پوچھا ہواؤں نے
کیا انتظار تم کو کسی دوسرے کا تھا
دیکھا نہیں کسی نے اسے اعتماد سے
جو کام کر گیا وہ بڑے حوصلہ کا تھا
ہم سیڑھیوں پہ وقت کی چڑھتے رہے متینؔ
ہر دور زندگی کا نئے تجربے کا تھا
مزید غزلیں از متین عمادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں