پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مسعود حسین خاں کی غزلیں — Masud Husain Khan Ghazals

مسعود حسین خاں کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تجھے بہار ملی مجھ کو انتظار ملا (غزل)

تجھے بہار ملی مجھ کو انتظار ملا

اس انتظار میں لیکن کسے قرار ملا

کسی کی آنکھوں میں تاروں کی مسکراہٹ ہے

کسی کی آنکھوں کو شبنم کا کاروبار ملا

یہ میرے جیب و گریباں پہ کچھ نہیں موقوف

کہ تیرا دامن رنگیں بھی تار تار ملا

تری وفا نے محبت کو اعتبار دیا

تری نظر سے مجھے حسن اعتبار ملا

ترے خیال میں دل آج سوگوار سا ہے (غزل)

ترے خیال میں دل آج سوگوار سا ہے

مجھے گمان ہے کچھ اس کو انتظار سا ہے

میں سادہ دل تھا کہ دامن پہ ان کے رو بھی دیا

مگر گلوں کے دلوں میں ابھی غبار سا ہے

وہ معتبر تو نہیں ہے پر اس کو کیا کیجے

کہ اس کے وعدوں پہ پھر آج اعتبار سا ہے

میں تجھ سے رمز محبت کہوں تو کیسے کہوں

میں بے قرار ہوں اور تجھ کو کچھ قرار سا ہے

تجھی پہ کچھ نہیں موقوف اے دل محروم

جہاں بھی دیکھیے عالم میں انتشار سا ہے

تو ہوش مند کہاں کا تھا کچھ تو کہہ مسعودؔ

یہ کیا ہے آج تجھے دل یہ اختیار سا ہے

سونا سونا سا ہے کیوں آج جہان اردو (نظم)

سونا سونا سا ہے کیوں آج جہان اردو

اٹھ گیا کہتے ہیں اک پیر مغان‌ اردو

جس کو ڈھونڈیں گے سدا تشنہ لبان تحقیق

روئیں گے برسوں جسے دیدہ وران اردو

راہ رو رہ گزر و رہبر اردوئے قدیم

ورنہ ملتا تھا کسے نام و نشان اردو

چھن گئی اہل وطن ایک متاع تحقیق

اے دکن لٹ گئی پھر تیری دکان اردو

آخری تیر بھی ترکش کا ہوا راہ سپار

ٹوٹ کر رہ گئی لو آج کمان اردو

کون ہوتا ہے حریف مئے مرد‌ افگن علم

کس کے سر جائے گا اب بار گران اردو

مزید غزلیں از مسعود حسین خاں ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں