پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مست بنارسی کی غزلیں — Mast Banarsi Ghazals

مست بنارسی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ تو ہم کہہ نہیں سکتے وہ ہم آغوش رہا (غزل)

یہ تو ہم کہہ نہیں سکتے وہ ہم آغوش رہا

ہاں مگر دل میں ہمارے کوئی روپوش رہا

چھا گیا بزم میں ساقی کا یہ انداز بیاں

اپنی سی کہہ گیا ہر ایک وو خاموش رہا

کہتے ہیں سچ ہے ہمیں دیکھ کے بے خود ہوئے تم

ٹکٹکی باندھ کے دیکھا کئے یہ ہوش رہا

کہہ دیا آنکھوں نے سب حال ہمارا ان سے

اور جس دل سے تھی امید وو خاموش رہا

بت کدہ ہو گیا سنسان ترے جانے سے

عمر بھر خانۂ کعبہ بھی سیہ پوش رہا

چاہنے والوں کا چن چن کے کیا کام تمام

بار الفت سے ہمیشہ وہ سبک دوش رہا

سب کی الفت سے تو انکار کیا اس نے مگر

مستؔ کا نام جب آیا تو وہ خاموش رہا

آرزو کس کو نہیں ہجر میں مر جانے کی (غزل)

آرزو کس کو نہیں ہجر میں مر جانے کی

کچھ اگر دیر ہے تو آپ کے فرمانے کی

یہ جو واعظ نے کیا کوثر و تسنیم کا ذکر

اڑتی پڑتی سی خبر ہے مرے میخانے کی

سامنے ان کے دیا غیر کو ساغر تو نے

عاشقوں کے لئے یہ بات ہے مر جانے کی

شہر سے دشت تک اک دھوم مچا رکھی ہے

بڑھ گئی تجھ سے بھی شہرت ترے دیوانہ کی

حضرت مستؔ فقط آج تمہارے دم سے

صحبتیں گرم رہا کرتی ہیں میخانے کی

مزید غزلیں از مست بنارسی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں